عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر میں دیہی ترقی، خواتین کو بااختیار بنانے اور زرعی خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے مرکزی حکومت نے بڑے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ مرکزی وزیر زراعت و دیہی ترقی شیوراج سنگھ چوہان نے سری نگر کے SKICC میں منعقدہ تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو پردھان منتری گرام سڑک یوجنا (PMGSY-IV) کے تحت منظور شدہ منصوبوں کا منظوری نامہ پیش کیا۔
اس منصوبے کے تحت جموں و کشمیر کے لیے 3566 کروڑ روپے کے سڑک منصوبے منظور کیے گئے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر تقریباً 8000 کروڑ روپے کی منظوری کو تاریخی قرار دیا گیا۔ اس کے علاوہ خواتین کی خود امدادی تنظیموں کے لیے DAY-NRLM کے تحت 4568.23 کروڑ روپے کی مالی منظوری بھی جاری کی گئی۔
اپنے خطاب میں شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ وہ جموں و کشمیر رسمی حیثیت سے نہیں بلکہ خدمت کے جذبے سے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت نہ صرف سڑکیں بنا رہی ہے بلکہ دلوں کو بھی جوڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دل کے دروازے بھی کھلے ہیں اور دہلی کے دروازے بھی کھلے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا مقصد صرف سڑکوں کی تعمیر نہیں بلکہ ہر گاؤں، بستی اور دور دراز علاقے کو ترقی کے دھارے سے جوڑنا ہے تاکہ عوام کو اسکول، اسپتال، منڈیوں اور روزگار کے مواقع میسر آئیں۔
خواتین کی ترقی پر زور دیتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ حکومت صرف “لکھپتی دیدیوں” تک محدود نہیں بلکہ خواتین کو مضبوط کاروباری شخصیت بنانا چاہتی ہے۔ تقریب میں خواتین خود امدادی گروپوں سے وابستہ کئی مستحق خواتین کو اعزازات بھی دیے گئے۔
زرعی شعبے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے کسانوں کو چھوٹے رقبے، دشوار گزار علاقوں اور موسمی خطرات جیسے مسائل درپیش ہیں۔ اس کے حل کے لیے حکومت بہتر پودے، اعلیٰ معیار کی نرسریاں، جدید فصل کاری اور سائنسی زراعت کو فروغ دے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ انڈین کونسل آف ایگریکلچر ریسرچ کے سائنسدانوں کی ایک ٹیم جموں و کشمیر کا دورہ کرے گی اور زرعی ترقی کے لیے جامع منصوبہ تیار کرے گی۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے مرکزی وزیر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ شیوراج سنگھ چوہان جموں و کشمیر کے سچے دوست اور خیر خواہ ہیں۔ انہوں نے 8000 کروڑ روپے کی منظوری کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے یقین دلایا کہ ریاستی حکومت ان منصوبوں کو تیزی سے عملی جامہ پہنائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے پہاڑی جغرافیہ اور منتشر آبادی کے پیش نظر سڑک رابطہ نہایت اہم ہے۔ سابقہ مرحلوں میں کئی دور افتادہ علاقوں کو اسکولوں، اسپتالوں اور بازاروں سے جوڑا گیا، جبکہ PMGSY-IV کے ذریعے باقی ماندہ علاقوں کو بھی جوڑا جائے گا۔
جموں و کشمیر کو ملی بڑی ترقیاتی سوغات: 3566 کروڑ روپے کے سڑک منصوبے منظور، دیہی ترقی کو ملے گی رفتار