عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کشمیر میں ابر آلود موسم کے باعث بیشتر مقامات پر کم سے کم درجہ حرارت میں بہتری دیکھی گئی ہے، جس سے لوگوں کو شدید سردی سے معمولی راحت ملی ہے۔عہدیداروں کے مطابق سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 0.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو بدھ کی شب منفی 2.2 ڈگری سیلسیس کے مقابلے میں دو ڈگری سے زائد ہے۔
وسطی کشمیر کے سیاحتی مقام سونمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، تاہم یہ گزشتہ رات کے منفی 7.3 ڈگری سیلسیس کے مقابلے میں بہتر رہا۔ شمالی کشمیر کے اسکی ریزورٹ گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.5 ڈگری سیلسیس رہا، جو وادی کا دوسرا سرد ترین مقام رہا۔
جنوبی کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام، جو سالانہ امرناتھ یاترا کے بیس کیمپ کے طور پر بھی جانا جاتا ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ شب منفی 4.4 ڈگری سیلسیس تھا۔قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.2 ڈگری سیلسیس، کوکرناگ میں 0.8 ڈگری سیلسیس اور کپواڑہ میں منفی 2.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 28 دسمبر تک وادی کشمیر میں موسم عمومی طور پر خشک رہے گا۔ تاہم نئے سال سے قبل موسم میں تبدیلی کا امکان ہے اور 29 دسمبر کو بالائی علاقوں میں بعض مقامات پر ہلکی برف باری ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 30 دسمبر سے یکم جنوری کے دوران میدانی علاقوں میں ہلکی بارش جبکہ بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری کا امکان ہے۔
کشمیر میں آئندہ ہفتے ہلکی برف باری اور بارشوں کا امکان