عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سومناتھ سوابھیمان پرو کے موقع پر خصوصی پوجا میں شرکت کی، جو ایک ہزار برس کی اٹوٹ آستھا اور ناقابلِ شکست عزم کی یاد میں منایا گیا۔ انہوں نے لوک بھون میں منعقدہ عوامی تقریب میں بھی شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ بے شمار حملوں، مظالم اور جارحین کی یلغار کے باوجود سومناتھ ہمیشہ بھارت کو نئی سمت دینے والا روشن مینار ثابت ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ 11 مئی 1951 کو دوبارہ تعمیر شدہ سومناتھ مندر کی پران پرتھشٹھا سے لے کر آج تک یہ عقیدت کا مرکز ہر ہندوستانی کے دل میں گہری روحانی توانائی جگاتا رہا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ سومناتھ کی برکتیں ہمیں نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کی مسلسل تحریک دیتی رہیں گی۔
منوج سنہا نے کہا کہ سومناتھ مندر نے ہمیشہ ملک بھر میں نئی امکانات کو جنم دیا اور ایک نئے بھارت کی بنیاد رکھی۔انہوں نے کہا کہ سومناتھ بھارت کے عظیم روحانی اور ثقافتی ورثے کا جشن ہے۔ یہ دائمی دعا ہے، ہماری تہذیب سے الگ نہیں، اور اس کی تقدیس ہر ہندوستانی کے دل میں زندہ ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ سومناتھ ہماری ابدی تہذیب کے وجود کا مرکز ہے اور اس کی پاکیزگی ہر ہندوستانی کی روح سے جڑی ہوئی ہے۔ایل جی نے کہا کہ دنیا میں شاید ہی کوئی ایسا مقدس مقام ہو جو 17 مرتبہ لوٹا گیا ہو، تباہ کیا گیا ہو، مگر ہر بار پہلے سے زیادہ شان و شوکت کے ساتھ دوبارہ کھڑا ہوا ہو۔
اس موقع پر انہوں نے بھیم دیو، جے پال، آنند پال اور مہاراجہ دھرسین کو خراجِ عقیدت پیش کیا، جنہوں نے مختلف ادوار میں سومناتھ کی حرمت کے تحفظ کے لیے جدوجہد کی۔
انہوں نے بھارت کے مردِ آہن ولبھ بھائی پٹیل کو بھی خراج پیش کیا، جنہوں نے آزادی کے بعد 12 نومبر 1947 کو مندر کی تعمیر نو کی ہدایت دی، جبکہ 11 مئی 1951 کو اُس وقت کے صدرِ جمہوریہ راجندراپرساد نے اس کی پران پرتھشٹھا انجام دی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ سومناتھ مندر کی تعمیر نو ہر انسان کی اندرونی فتح، ایمان کی روشنی اور صدیوں پر محیط عزم کی علامت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سومناتھ مندر قوم کے لیے ایک مینارِ نور ہے، اور سومناتھ کے بغیر ہمارا معاشرہ بے روح ہو جائے گا۔اس تقریب میں وزیر برائے یوتھ سروسز و اسپورٹس ستیش شرما، چیف سیکریٹری اٹل ڈولو، پولیس سربراہ نالین پربھات سمیت کئی اعلیٰ افسران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معزز شہری بھی موجود تھے۔
ایل جی منوج سنہا کی ’سومناتھ سوابھیمان پرو ‘پر خصوصی پوجا، کہاسومناتھ بھارت کی روحانی طاقت اور ناقابلِ تسخیر عزم کی علامت ہے