عظمیٰ ویب ڈیسک
شوپیاں/جنوبی ضلع شوپیاں کے ریتھ پورہ پنجورہعلاقے میں ہفتہ کے روز تیندوے کے حملے میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔زخمی کی شناخت محمد مقبول ڈار ولد عبد الرحیم ڈار کے طور پر کی گئی ہے، جو ریتھ پورہ پنجورہ کا مقامی باشندہ ہے اور عمر تقریباً 50 برس بتائی جا رہی ہے۔ واقعے کے فوراً بعد مقامی لوگوں نے زخمی کو فوری طور پر ضلع اسپتال شوپیاں منتقل کیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمی کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
اس واقعے کے بعد علاقے کے لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، بالخصوص ان دیہات میں جو جنگلاتی علاقوں کے قریب واقع ہیں، جہاں حالیہ دنوں میں جنگلی جانوروں کی نقل و حرکت میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔مقامی لوگوں نے وائلڈ لائف حکام سے اپیل کی ہے کہ تیندوے کو جلد از جلد پکڑا جائے تاکہ انسانی جانوں کو مزید خطرے سے بچایا جا سکے۔
جنوبی کشمیر کے شوپیاں میں تیندوے کے حملے میں بزرگ شخص زخمی