عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/ایران میں بھارتی سفارتخانے نے بدھ کے روز ایک تازہ ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے ملک میں موجود بھارتی شہریوں سے کہا ہے کہ وہ بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر جلد از جلد ایران چھوڑ دیں۔جاری ایڈوائزری میں سفارتخانے نے کہا کہ یہ ہدایت حکومتِ ہند کی جانب سے 5 جنوری 2025 کو جاری کی گئی سابقہ ایڈوائزری کے تسلسل میں دی گئی ہے۔ ایران میں موجود بھارتی شہریوںجن میں طلبہ، زائرین، تاجر اور سیاح شامل ہیںکو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دستیاب سفری ذرائع، بشمول کمرشل پروازوں، کے ذریعے روانہ ہو جائیں۔سفارتخانے نے بھارتی شہریوں اور بھارتی نژاد افراد (PIOs) کو بھی محتاط رہنے، احتجاج یا مظاہروں والے علاقوں سے دور رہنے، بھارتی مشن سے مسلسل رابطے میں رہنے اور مقامی میڈیا پر صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت کی ہے۔
بھارتی شہریوں کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنے سفری اور امیگریشن دستاویزات، جن میں پاسپورٹ اور شناختی کارڈ شامل ہیں، ہر وقت اپنے پاس رکھیں۔ سفارتخانے نے یقین دلایا ہے کہ جن افراد کو مدد درکار ہوگی، انہیں ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔
ہنگامی مدد کے لیے بھارتی مشن نے متعدد ہیلپ لائن نمبرز اور ایک سرکاری ای میل ایڈریس بھی جاری کیا ہے۔ جو بھارتی شہری ابھی تک سفارتخانے کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں ہیں، ان سے وزارتِ خارجہ کے آن لائن رجسٹریشن پورٹل کے ذریعے رجسٹریشن مکمل کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ ایران میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کی صورت میں بھارت میں موجود اہلِ خانہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے رشتہ داروں کی جانب سے رجسٹریشن کروا دیں۔
ایرانی صورتحال کے پیش نظر بھارتی سفارتخانے کی نئی ایڈوائزری: بھارتی شہریوں کو فوری روانگی کی ہدایت