عاصف بٹ
کشتواڑ/ضلع کشتواڑ کے مغل میدان علاقے کے سگدی بھاٹہ جنگلات میں سیکورٹی فورسز نے مشترکہ کارروائی کے دوران مبینہ ملی ٹینٹ ٹھکانہ تباہ کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ کارروائی فوج کی 11 راشٹریہ رائفلز اور جموں و کشمیر پولیس نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر انجام دی۔ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ سگدی بھاٹہ کے درابی باجمندو جنگلات میں مشتبہ سرگرمیاں دیکھی گئی ہیں، جس کے بعد فورسز نے فوری طور پر علاقے میں مشترکہ سرچ آپریشن شروع کیا۔
گھنے جنگلات میں جاری منظم تلاشی مہم کے دوران فورسز نے ایک مبینہ ملی ٹینٹ ٹھکانے کا سراغ لگا کر اسے تباہ کر دیا۔ تلاشی کے دوران ایک کاربائن رائفل، ایک پستول میگزین، 9 ایم ایم کے 97 راؤنڈ، 7.62 ایم ایم کے 18 راؤنڈ، ایک 51 ایم ایم یو بی جی ایل گرینیڈ اور تقریباً ایک کلو گرام دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔
اس کے علاوہ مواصلاتی آلات میں ایک کینوو ریڈیو سیٹ اور دو موٹرولا ریڈیو سیٹس بھی ضبط کیے گئے۔ سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ یہ برآمدگی علاقے میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی یا نقل و حرکت کی جانب اشارہ کرتی ہے، تاہم بروقت کارروائی سے ممکنہ بڑے خطرے کو ٹال دیا گیا۔
برآمد شدہ مواد کو قبضے میں لے کر فارینسک جانچ کے لیے بھیج دیا گیا ہے تاکہ اس کے ذرائع اور ممکنہ روابط کا پتہ لگایا جا سکے۔
واضح رہے کہ مغل میدان اور اس سے ملحقہ علاقے ماضی میں بھی عسکری سرگرمیوں کی زد میں رہے ہیں۔ دو ماہ قبل چھاترو علاقے میں فورسز نے ایک اہم کارروائی کے دوران چار ملی ٹینٹوں کو مار گرایا تھا، جن میں جیش محمد کے دو کمانڈر بھی شامل تھے۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں سیکورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ اضافی سرچ آپریشنز اور ایریا ڈومینیشن گشت بھی جاری ہیں۔
کشتواڑ میں مشترکہ سرچ آپریشن، ملی ٹینٹوں کا ٹھکانہ تباہ، اسلحہ و گولہ بارود برآمد