عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر سول سوسائٹی فورم (جے کے سی ایس ایف) نے، چیئرمین عبدالقیوم وانی کی قیادت میں، جموں و کشمیر کو ملک کے باقی حصوں سے جوڑنے والے طویل عرصے سے متوقع آل ویدر ریلوے رابطے کی کامیاب تکمیل پر گہرے اطمینان اور شکریہ کا اظہار کیا ہے۔
فورم کے مطابق یہ تاریخی پیش رفت سال بھر بلا تعطل رابطے کو یقینی بنائے گی اور خطے کی سماجی و اقتصادی ترقی میں ایک اہم موڑ ثابت ہوگی۔ اس سے کاروباری سرگرمیوں میں وسعت آئے گی، تجارت اور سیاحت کو فروغ ملے گا اور مجموعی معاشی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ طلبہ، پیشہ ور افراد اور مریضوں کی آسان نقل و حرکت کے ذریعے معیاری تعلیم تک رسائی بہتر ہوگی اور صحت کے شعبے کو بھی تقویت ملے گی۔
جے کے سی ایس ایف نے اس اہم منصوبے کو حقیقت کا روپ دینے میں وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر ریلوے اشونی ویشنو، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی بصیرت، لگن اور مسلسل کوششوں کو سراہتے ہوئے ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
فورم نے اس سنگ میل کو سراہتے ہوئے حکومت ہند اور وزارت ریلوے سے مطالبہ کیا ہے کہ جموں و کشمیر کو ملک کے مختلف حصوں سے جوڑنے والی ٹرینوں کی تعداد اور آمد و رفت میں مزید اضافہ کیا جائے تاکہ قومی یکجہتی کو فروغ ملے، جامع ترقی ممکن ہو اور اس رابطے کے ثمرات معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچ سکیں۔
جے کے سی ایس ایف نے جموں و کشمیر کی ہمہ جہت ترقی اور خوشحالی کے لیے ایسے اقدامات کی بھرپور حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
جموں-سرینگر براہِ راست وندے بھارت ایکسپریس سروس کا آغاز،جے کے سی ایس ایف کا اظہارِ تشکر