عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر سول سوسائٹی فورم (جے کے سی ایس ایف) کے چیئرمین عبد القیوم وانی نے وزیر اعلیٰ اور لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ عیدالاضحی سے قبل سرکاری ملازمین اور پنشنرز کی تنخواہیں اور پنشن پیشگی طور پر جاری کی جائیں تاکہ لاکھوں خاندان بغیر مالی دشواری کے قربانی کی مقدس سنت ادا کر سکیں۔پریس کے نام جاری ایک بیان میں عبد القیوم وانی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تنخواہیں اور پنشن ترجیحی بنیادوں پر 25 مئی سے پہلے جاری کی جائیں، کیونکہ عیدالاضحی مسلمانوں کے لیے نہایت مقدس اور روحانی اہمیت کا حامل تہوار ہے، جس کے دوران قربانی، سفر، خاندانی ذمہ داریوں اور تہوار کی تیاریوں پر خاصا خرچ آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی میں تاخیر سے ملازمین، پنشنرز، بیواؤں اور معاشی طور پر کمزور طبقے شدید متاثر ہوں گے، جس کے نتیجے میں بہت سے خاندان مذہبی روایات کو باوقار انداز میں ادا کرنے سے محروم رہ سکتے ہیں۔فورم نے وزیر اعلیٰ، لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ اور محکمہ خزانہ سے مطالبہ کیا کہ وہ انسانی ہمدردی اور عوام دوست رویہ اپناتے ہوئے عیدالاضحیٰ سے پہلے تنخواہوں اور پنشن کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں تاکہ لاکھوں گھروں میں خوشی اور راحت پہنچ سکے۔
عبد القیوم وانی نے عیدالاضحی کے موقع پر چار روزہ تعطیلات دینے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عید کے دوران ہزاروں لوگ اپنے آبائی علاقوں کا سفر کرتے ہیں، کئی دنوں تک مذہبی فرائض انجام دیتے ہیں، اہل خانہ کے ساتھ اجتماعات منعقد ہوتے ہیں اور قربانی کے بعد کی ذمہ داریاں بھی نبھائی جاتی ہیں، اس لیے تعطیلات میں توسیع نہایت ضروری اور جائز ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت اور ایل جی انتظامیہ ملازمین، پنشنرز اور عوام کے حقیقی مطالبات کو مثبت انداز میں دیکھتے ہوئے جلد فیصلہ کرے گی۔
عیدالاضحی سے قبل تنخواہوں اور پنشن کی پیشگی ادائیگی یقینی بنائی جائے، چار روزہ تعطیلات بھی دی جائیں: عبد القیوم وانی