عظمیٰ ویب ڈیسک
سوپور/ وزیر کھیل جموں کشمیر ستیش شرما نے کہا ہے کہ حکومت رواں سال کھیلوں کو نئی بلندیوں تک لے جانے کیلئے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری، مزید کھیل مقابلوں کے انعقاد اور نوجوانوں کی شمولیت کیلئے نئی پہل کرنے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا اور منشیات کی لعنت پر قابو پانا ہے۔
سوپور میں ایک ہوٹل کے افتتاح کے موقع پر ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ کھیل معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا،اگر ہم واقعی منشیات کے خلاف لڑنا چاہتے ہیں تو ہمیں نوجوانوں میں کھیلوں کو فروغ دینا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر میں کھیلوں کی ترقی کیلئے 900 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جو نوجوان نسل کو صحت مند اور مثبت راستے پر گامزن کرنے کی ایک قابلِ ستائش کوشش ہے۔
ستیش شرما نے آئندہ منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جہلم ریور، ڈل جھیل اور نگین جھیل میں 62 کلومیٹر طویل اسٹیمر اور کروز سروس شروع کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے سیاحت کو فروغ ملے گا، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور ان آبی ذخائر کے کناروں پر ٹریفک دباؤ میں کمی آئے گی۔
وزیر کھیل نے کہا کہ جموں و کشمیر میں کئی نئے کھیل متعارف کرائے جا رہے ہیں اور موجودہ کھیلوں کو وسعت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلی بار یہاں واٹر اسپورٹس اور ڈاؤن ہل بائیکنگ جیسے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا ہے، جس سے باصلاحیت نوجوانوں اور ایڈونچر کھیلوں کے شوقین افراد کیلئے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
کھیلوں کے فروغ سے نوجوان نسل کو مثبت سمت دی جائے گی: ستیش شرما