عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر نے بھارتی کرکٹ کی تاریخ میں اپنا نام سنہری حروف سے لکھتے ہوئے رانجی ٹرافی کا پہلا ٹائٹل جیت لیا۔ ہبلی میں کھیلے گئے فائنل میں جموں و کشمیر نے کرناٹک کو شکست دے کر 66 برس بعد یہ اعزاز اپنے نام کیا، جس پر پورے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں جشن کا سماں ہے۔
ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے جموں و کشمیر نے 173.1 اوورز میں 584 رنز کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔ شُبھم پنڈیر نے 247 گیندوں پر 121 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر بنیاد فراہم کی، جبکہ یاور حسن (88) اور کپتان پراس ڈوگرا (70) نے اہم شراکت داریوں سے ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا۔مڈل آرڈر میں عبدالصمد (61) اور وکٹ کیپر کنہیا وادھوان (70) نے رفتار برقرار رکھی، جبکہ ساحل لوترا نے 72 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر اسکور کو مستحکم بنایا۔ کرناٹک کی جانب سے پرسِدھ کرشنا نے پانچ وکٹیں حاصل کیں، تاہم دیگر باؤلرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
جواب میں کرناٹک کی پوری ٹیم 93.3 اوورز میں 293 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور اسے پہلی اننگز میں 291 رنز کے بھاری خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔ مایانک اگروال نے 160 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر مزاحمت کی، مگر انہیں دوسرے بلے بازوں کی جانب سے خاطر خواہ ساتھ نہ مل سکا۔جموں و کشمیر کی باؤلنگ کی قیادت عاقب نبی ڈار نے کی، جنہوں نے 5/54 کی عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹورنامنٹ میں ساتویں بار پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ سنیل کمار اور یدھوِیر سنگھ چاڑک نے دو، دو وکٹیں لے کر کرناٹک کو دباؤ میں رکھا۔
بھاری برتری کے بعد جموں و کشمیر نے دوسری اننگز میں بھی گرفت مضبوط رکھی اور 113 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 342 رنز بنا لیے۔ کامران اقبال 160 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے، جبکہ ساحل لوترا نے بھی شاندار سنچری (101 ناٹ آؤٹ) اسکور کر کے کرناٹک کی واپسی کی تمام امیدوں پر پانی پھیر دیا۔میچ ڈرا پر ختم ہوا، تاہم پہلی اننگز کی فیصلہ کن برتری کی بنیاد پر جموں و کشمیر کو فاتح قرار دیا گیا اور یوں ٹیم نے بھارتی ڈومیسٹک کرکٹ کا سب سے بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا۔وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ بھی ہبلی میں موجود تھے اور انہوں نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ ٹیم کی شاندار کامیابی پر داد دی۔یہ فتح جموں و کشمیر میں کرکٹ کے لیے ایک تاریخی اور سنگِ میل لمحہ قرار دی جا رہی ہے، جو خطے میں کھیلوں کے روشن مستقبل کی نوید سمجھی جا رہی ہے۔
رانجی ٹرافی میں تاریخ رقم: جموں و کشمیر نے کرناٹک کو شکست دے کر پہلی بار ٹائٹل جیت لیا