عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ریلوے اسٹیشن پر پیر کی صبح جموں و کشمیر پولیس نے ریلوے حکام اور دیگر ایجنسیوں کے اشتراک سے ایک ہمہ گیر موک ڈرل کا انعقاد کیا، جس کا مقصد کسی بھی ممکنہ ہنگامی یا انتہا پسندانہ صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لینا تھا۔ اس مشق میں متعدد ونگز نے حصہ لیا جن میں ایس او جی، مقامی پولیس، ریلوے پروٹیکشن فورس اور ریلوے اسٹیشن انتظامیہ شامل تھی۔
ذرائع کے مطابق مشق کے دوران فرضی اطلاع ملنے پر کہ اسٹیشن کے ایک حصے میں مشکوک شے موجود ہے، پولیس اور دیگر فورسز نے فوری طور پر پورا علاقہ سیل کر دیا۔ اسٹیشن میں موجود مسافروں کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کیا گیا جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے مخصوص پروٹوکول کے تحت موقع کا معائنہ کیا۔ اس دوران خصوصی کمانڈوز کو اسٹیشن کی عمارت، پلیٹ فارمز اور منسلک راستوں کی جامع جانچ کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
عہدیداروں نے بتایا کہ اس مشق کا بنیادی مقصد فورسز کے درمیان کوآرڈینیشن کو مضبوط بنانا، ردعمل کے وقت کو کم کرنا اور ہجوم کے درمیان کسی بھی ہنگامی صورتحال میں محفوظ انخلا کی حکمت عملی کا عملی جائزہ لینا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’ریلوے اسٹیشنز نرم اہداف تصور کیے جاتے ہیں، اس لیے یہاں سکیورٹی کے لحاظ سے کسی بھی ممکنہ چیلنج کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔‘
مشق کے دوران ٹریفک کی عارضی تبدیلی، اسٹیشن کی داخلی اور خارجی دروازوں کی بندش اور اضافی سکیورٹی دستوں کی تعیناتی دیکھنے کو ملی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس طرح کی مشقیں مستقبل میں بھی وقفے وقفے سے جاری رہیں گی تاکہ فورسز ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہیں۔
اننت ناگ ریلوے اسٹیشن پر موک ڈرل، سکیورٹی کے سخت انتظامات