اشفاق سعید
سرینگر/جموں، ڈائریکٹوریٹ آف ہارٹیکلچر پلاننگ اینڈ مارکیٹنگ جموں و کشمیر نے صوبے کی مختلف فروٹ و سبزی منڈیوں میں خفیہ اور غیرقانونی نیلامی کی اطلاعات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو فوری طور پر اس عمل کو بند کرنے کی ہدایت دی ہے۔
محکمے کے مطابق سوشل میڈیا رپورٹس اور متعدد فیلڈ ان پٹس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یونین ٹیریٹری کی کچھ منڈیوں میں باغبانی و زرعی پیداوار کی نیلامی پوشیدہ طریقے سے کی جا رہی ہے، جو کہ قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ محکمے نے واضح کیا ہے کہ ایسی سرگرمیاں نہ صرف غیر قانونی ہیں بلکہ مارکیٹ کے شفاف نظام کو بھی نقصان پہنچاتی ہیں۔
ڈائریکٹر ہارٹیکلچر پلاننگ اینڈ مارکیٹنگ، غلام جیلانی زارگر نے جاری سرکلر میں کہا ہے کہ تمام فروٹ و سبزی منڈیوں میں کام کرنے والے تاجروں، کمیشن ایجنٹوں اور دیگر متعلقہ افراد کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ فوراً ہر قسم کی خفیہ نیلامی کا سلسلہ بند کریں اور نیلامی کا عمل کھلے، شفاف اور جوابدہ طریقے سے انجام دیں۔سرکلر میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر کوئی فرد، تاجر یا کمیشن ایجنٹ خفیہ نیلامی کے انعقاد یا اس میں شامل پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، جس میں لائسنس کی فوری منسوخی اور دیگر قانونی کارروائیاں شامل ہوں گی۔محکمے نے اپنے تمام افسران کو بھی ہدایت دی ہے کہ ان احکامات پر حرف بہ حرف عملدرآمد یقینی بنائیں اور منڈیوں میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے مسلسل نگرانی جاری رکھیں۔
فروٹ و سبزی منڈیوں میں خفیہ بولیوں کا انکشاف، ڈائریکٹوریٹ آف ہارٹیکلچر پلاننگ اینڈ مارکیٹنگ کی سخت کارروائی