عظمیٰ ویب ڈیسک
ادھم پور/جموں و کشمیر میں منشیات کے خلاف جاری مہم کے دوران پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ڈوڈہ اور کٹھوعہ اضلاع میں چھ افراد کو حراست میں لے لیا اور منشیات کے ساتھ ساتھ 23 لاکھ روپے سے زائد نقدی برآمد کی۔پولیس کے مطابق، ادھم پور ضلع میں منشیات فروشوں سے منسلک 73 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی جائیداد بھی متعلقہ قانونی دفعات کے تحت ضبط کی گئی ہے۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، ڈوڈہ، محمد اسلم نے بتایا کہ اتوار کی شام ڈاک محلہ میں ایک مکان پر چھاپے کے دوران 85 گرام مشتبہ براؤن شوگر اور 23 لاکھ روپے سے زائد نقدی برآمد کی گئی۔ اس کارروائی کے دوران زرینہ بیگم نامی خاتون کو، جو پہلے سے پولیس کی نگرانی میں تھی، حراست میں لیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ زرینہ بیگم کے ساتھ اس کی بیٹی اور داماد کو بھی پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔ “ہم نے تین افراد کو تحویل میں لیا ہے، ان کے کردار کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اسی بنیاد پر گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔ دیگر مشتبہ مقامات پر بھی چھاپے جاری ہیں،” محمد اسلم نے کہا۔
ٹھوعہ ضلع میں بھی پولیس نے تین مبینہ منشیات فروشوں—پردیپ سنگھ (ہیرانگر)، رئیس بٹ (بلاور) اور علی سین (امرتسر، پنجاب)—کو مختلف مقامات سے گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق پردیپ سنگھ کے قبضے سے 2.79 گرام، رئیس بٹ سے 2.66 گرام جبکہ علی سین سے 303 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ علی سین کو جموں-پٹھانکوٹ ہائی وے پر بریاں-پٹّن گاؤں کے قریب ایک نجی گاڑی میں سفر کے دوران روکا گیا تھا۔ینوں ملزمان کے خلاف نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائیکو ٹراپک سبسٹینسز (NDPS) ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ادھم پور میں پولیس نے دو الگ الگ مقدمات میں منشیات سے متعلق جرائم میں ملوث افراد کی جائیداد ضبط کی۔ پولیس کے مطابق ملزم سیف علی کی تقریباً 65 لاکھ روپے مالیت کی جائیداد، جس میں ایک نیا رہائشی مکان، کار، موٹر سائیکل اور موبائل فون شامل ہیں، ضبط کر لی گئی ہے۔
اسی طرح ایک اور کارروائی میں ڈوڈہ کے رہنے والے دانش بٹ کی 8 لاکھ روپے مالیت کی گاڑی بھی این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68(F) کے تحت ضبط کر لی گئی ہے، جو کہ ریہمبل پولیس اسٹیشن میں درج ایک مقدمے سے متعلق ہے۔