عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پی ڈی پی سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی جانب سے چناب اور پیر پنجال خطوں کے لیے الگ الگ ڈویژن بنانے کی تجویز کو ’’ڈکسن پلان‘‘ قرار دیا ہے۔
نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے کہا کہ یہ ایک پرانا منصوبہ ہے۔
انہوں نے کہا یہ ڈکسن پلان ہے۔ شاید آپ کو اس کے بارے میں معلوم نہ ہو۔ ڈکسن پلان ایک پرانی تجویز تھی، جس میں دریائے چناب کی بنیاد پر تقسیم کا تصور پیش کیا گیا تھا، جس کے تحت دریا کے ایک طرف گریٹر کشمیر ویلی بنائی جاتی اور اس حصے کو الگ کیا جاتاـ فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس جموں و کشمیر سے لداخ کی علیحدگی کے خلاف تھی۔
انہوں نے سوال اٹھایالداخیوں کو علیحدگی سے کیا فائدہ ملا؟ آج لداخ کے لوگ خود دوبارہ اتحاد کی بات کر رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ انہیں یوٹی کا درجہ نہیں چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کچھ لوگ ریاست کو توڑنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن وہ اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے ـ