عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ضلع کپواڑہ کے سرحدی علاقہ ٹنگڈار کرناہ میں واقع ایس ایم ہل (ڈننا) پر تعمیر کیے گئے عظیم الشان ’’شوریہ گاتھا کمپلیکس‘‘ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس منصوبے کو بارڈر ٹوارزم، جنگی تاریخ کے تحفظ، ثقافتی ورثے کی بقا اور سرحدی علاقوں کی ترقی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔افتتاحی تقریب میں ناردرن کمانڈ کے جنرل آفیسر کمانڈنگ اِن چیف لیفٹیننٹ جنرل پراتیک شرما، جی او سی چنار کور لیفٹیننٹ جنرل بلبیر سنگھ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری ٹورزم ڈاکٹر آشیش چندر ورما، جی او سی 28 انفنٹری ڈویژن میجر جنرل راکیش نائر، بریگیڈیئر دھرمندر یادو، ڈپٹی کمشنر کپواڑہ شرکانت بابا صاحب سوسے اور ایم ایل اے کرناہ جاوید مرچال سمیت فوج، سول انتظامیہ، پولیس اور سکیورٹی فورسز کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اس موقع پر ناردرن کمانڈ، چنار کور، فوجی انجینئروں، جوانوں، مزدوروں اور مقامی عوام کو قلیل مدت میں اس بڑے منصوبے کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کے بہادر جوانوں نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ’’شوریہ گاتھا کمپلیکس‘‘ بھارتی فوج کی بہادری، قربانیوں اور دفاعی تاریخ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ اس منصوبے سے سرحدی علاقوں میں سیاحت کو فروغ ملے گا جبکہ ہوم اسٹے، مقامی دستکاری اور نوجوانوں کے لیے روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
تقریب کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے وار میموریل اور وار میوزیم کا بھی دورہ کیا جہاں مختلف جنگوں میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ وار میوزیم میں نایاب تاریخی ہتھیار، پرانی بندوقیں، جنگی سازوسامان اور دفاعی یادگاریں رکھی گئی ہیں جو نوجوان نسل کو ملکی تاریخ اور فوجی قربانیوں سے روشناس کرائیں گی۔
ایس ایم ہل کمپلیکس میں پہاڑی ثقافت کو فروغ دینے کے لیے ایک جدید پہاڑی کلچرل ہال بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ مقامی تہذیب، روایات اور ثقافت کو محفوظ رکھا جا سکے۔ اس کے علاوہ سیاحوں اور مسافروں کی سہولت کے لیے ایک خوبصورت ریسٹورنٹ بھی تعمیر کیا گیا ہے جبکہ نارکو ٹیررزم کی روک تھام کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ چیکنگ پوائنٹ بھی قائم کیا گیا ہے۔
منوج سنہا نے اپنے خطاب میں کہا کہ جموں و کشمیر میں امن، ترقی اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہو چکا ہے جبکہ پاکستان کے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر میں لوگ بدانتظامی اور پسماندگی کا شکار ہیں۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ حصہ تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ٹنگڈار کرناہ کے سات دیہات کو ’’وائبرنٹ ولیج پروگرام‘‘ میں شامل کیا گیا ہے، جس کے تحت بنیادی ڈھانچے، روزگار، تعلیم اور معیارِ زندگی کو بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے سدھنا ٹنل کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے علاقے کو سال بھر بہتر رابطہ میسر ہوگا اور تجارت، تعلیم، صحت اور ایمرجنسی خدمات کو مزید فروغ ملے گا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ملک بھر کے سیاحوں سے اپیل کی کہ وہ سرحدی علاقوں خصوصاً ایس ایم ہل کا رخ کریں جہاں قدرتی حسن، تاریخی اہمیت اور ثقافتی ورثہ ایک ساتھ موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں ایس ایم ہل اور ٹنگڈار کرناہ ملک کے نمایاں بارڈر ٹورزم مقامات میں شامل ہو سکتے ہیں۔
لیفٹنٹ گورنر نے ٹنگڈار کرناہ میں ’’شوریہ گاتھا کمپلیکس‘‘ کا کیاافتتاح، کہا بارڈر ٹوارزم کو ملے گا فروغ