عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/صوبائی کمشنر کشمیر نشل گرگ نے اتوار کو کہا کہ ’نشہ مُکت جموں و کشمیر ابھیان‘ صرف تین ہفتوں میں ایک عوامی تحریک کی شکل اختیار کر چکا ہے اور عوام کی بھرپور شرکت نے یہ واضح پیغام دیا ہے کہ سب لوگ اس لعنت کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔
سرینگر کے ٹی آر سی فٹبال گراؤنڈ میں پدیاترا میں شریک افراد سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ اس مہم میں عوام نے بڑے پیمانے پر حصہ لیا ہے اور محض تین ہفتوں میں یہ ایک عوامی تحریک بن چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر بھر میں 30 ہزار سے زائد بیداری پروگرام منعقد کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے ہر گاؤں اور ہر وارڈ تک رسائی حاصل کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم اب صرف اسکولوں اور کالجوں تک محدود نہیں رہی بلکہ 3 ہزار سے زائد مذہبی رہنما بھی اس میں شامل ہو چکے ہیں۔
نفاذی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ انتظامیہ بیک وقت منشیات کی سپلائی چین توڑنے اور اسمگلروں و منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی پر توجہ دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حساس مقامات کی نشاندہی، نگرانی، ایف آئی آر درج کرنا، گرفتاریاں اور قانونی کارروائیاں مزید تیز کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ منشیات سے متعلق جرائم میں ملوث افراد کے خلاف ڈرائیونگ لائسنس، آدھار، پاسپورٹ، جائیداد کی مسماری اور ریونیو ریکارڈ سے متعلق تادیبی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دیہی سطح پر نگرانی مضبوط بنانے کے لیے ہر گاؤں میں نمبردار اور چوکیدار نیٹ ورک کو فعال کیا گیا ہے، جبکہ ضلعی کنٹرول رومز کو عوام کی جانب سے 2 ہزار سے زائد اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جن میں سے کئی پر کارروائی بھی کی جا چکی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تقریباً 98 فیصد عوامی ادارے اس مہم کا حصہ بن چکے ہیں اور اوپن بلنگ اور اسٹاک رجسٹروں کے ذریعے شفافیت میں اضافہ کیا گیا ہے۔
مہم کے اگلے مرحلے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اب توجہ متاثرین کی بازآبادکاری اور مدد پر مرکوز ہوگی، جس میں نشہ چھڑانے کے مراکز اور کونسلنگ خدمات کو مضبوط بنایا جائے گا۔ انہوں نے چیف سیکریٹری کو سراہتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت کے ذریعے اسکولوں، کالجوں اور بلاک سطح پر کونسلرز تعینات کیے جا رہے ہیں۔
ڈویژنل کمشنر نے نوجوانوں، این جی اوز، میڈیا برادری اور سول سوسائٹی کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سب لوگ اسی جذبے کے ساتھ اس مہم کی حمایت جاری رکھیں اور اپنی آراء و تجاویز دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔
صرف 3 ہفتوں میں نشہ مُکت جموں کشمیر مہم عوامی تحریک بن گئی: انشل گرگ