محمد تسکین
بانہال // ضلع رام بن کی تحصیل کھڑی کے گنز ٹاپ ترگام علاقے میں اتوار کی علی الصبح آگ کی ایک ہولناک واردات رونما ہوئی ہے جس کے نتیجے میں تین رہائشی مکانات مکمل طور پر خاکستر ہو گئے۔ اس المناک واقعے میں چھ کنبے بے گھر ہو گئے ہیں۔
مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ آگ اچانک صبح سویرے نمودار ہوئی اور تیزی سے پھیلتی چلی گئی، جس کے باعث متاثرہ افراد اپنے گھروں سے کوئی بھی سامان باہر نہ نکال سکے اور دیکھتے ہی دیکھتے مکانات راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئے۔
واضح رہے کہ گنز ٹاپ ایک پہاڑی علاقہ ہے اور تاحال یہاں سڑک کی سہولت موجود نہیں، جس کے باعث بچاؤ اور امدادی کارروائیوں میں بھی مشکلات پیش آئیں، لوگوں کی جانب سے بیسار کوششوں کے باجود آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا۔
آتشزدگی سے متاثر ہونے والے کنبوں میں غلام قادر ولد محمد سلطان کھاہ، محمد رفیق ولد غلام قادر کھاہ ، محمد اشرف ولد غلام قادر کھاہ ، غلام محمد ولد وہاب کھاہ، غلام رسول ولد وہاب کھاہ اور محمد یوسف ولد عبدالغنی کھاہ کے اہلِ خانہ شامل ہیں۔مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
گنز ٹاپ ترگام کھڑی میں ہولناک آتشزدگی، تین رہائشی مکان خاکستر، چھ کنبے بے گھر