عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/ہندستان اور یورپ کے 27 ممالک کے مشترکہ بازار، یورپی یونین (ای یو) کے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ (ایف ٹی اے) پیر کو قومی دارالحکومت میں طے پا گیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو اس کا اعلان کرتے ہوئے اس معاہدے کو تاریخی قرار دیا۔
وزیر اعظم نے کہا، ’’کل ہی ہندستان اور یورپی یونین کے درمیان ایک بہت بڑا معاہدہ ہوا ہے۔ دنیا بھر میں لوگ اس کی چرچا ’مدر آف آل ڈیلز‘ (اب تک کے سب سے بڑے تجارتی معاہدے) کے طور پر کر رہے ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا، ’’یہ معاہدہ برطانیہ کے ساتھ اور یورپ کے چار ممالک کے آزاد تجارتی ایسوسی ایشن ایفٹا کے ساتھ طے پانے والے معاہدوں کے تکمیلی کردار ادا کرے گا۔ ہندستان اور یورپی یونین کے درمیان اس معاہدے سے دوطرفہ تجارت اور عالمی سپلائی چین کو مضبوطی ملے گی۔‘‘
وزیر اعظم نے ملک کے تمام نوجوانوں اور شہریوں کو اس موقع پرمبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ ہندستان کے ٹیکسٹائل، جواہرات و زیورات، چمڑا اور چمڑے کے سامان جیسے کئی شعبوں کے لیے نہایت مفید ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہند-ای یو ایف ٹی اے سے نہ صرف ملک کے مینوفیکچرنگ سیکٹر کو تقویت ملے گی بلکہ خدمات کے شعبے میں بھی توسیع ہوگی۔
قابلِ ذکر ہے کہ یورپی یونین ہندستان کا ایک اہم تجارتی اور اقتصادی شراکت دار ہے۔ سال 2024-25 میں دونوں کے درمیان 136 ارب ڈالر کی اشیاء کی تجارت ہوئی تھی۔ ہندستان وہاں سے بنیادی طورپر مشینیں، نقل و حمل کے آلات اور کیمیکلز درآمد کرتا ہے، جبکہ ہندستان کی جانب سے وہاں مشینیں، کیمیکلز، لوہا، ایلومینیم اور تانبا جیسی بنیادی دھاتیں، معدنی مصنوعات، ٹیکسٹائل اور چمڑے کی اشیاء برآمد کی جاتی ہیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ یورپی کمیشن کی صدر اُرسولا وان ڈیر لیین اور یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا اس وقت ہندستان میں ہیں۔ دونوں پیر کو یومِ جمہوریہ کی پریڈ میں مہمانِ خصوصی تھے۔ محترمہ وان ڈیر لیین نے حال ہی میں داووس میں عالمی اقتصادی فورم (ڈبلیو ای ایف) کے اجلاس کے دوران دونوں فریقوں کے درمیان معاہدے پر اتفاق کے اشارے دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ معاہدہ ’مدر آف آل ڈیلز‘ یعنی اب تک کا سب سے بڑا تجارتی معاہدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا تھا کہ اس معاہدے سے ہندستان اور ای یو کی دو ارب کی مجموعی آبادی کا ایک بڑا اور کھلا بازار تشکیل پائے گا۔ اس معاہدے کی تفصیلات کا اعلان آج شام وزیرِ تجارت پیوش گوئل کریں گے۔
ہندستان – یورپی یونین کے درمیان تاریخی تجارتی معاہدہ مکمل: مودی