جموں و کشمیر ہائی کورٹ سرینگر میں 13 مئی کو تعطیل کا اعلان

File Photo

عظمیٰ ویب ڈیسک

سرینگر// جموں وکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ نے سری نگر لوک سبھا سیٹ کی پولنگ کے پیش نظر کورٹ کی مین ونگ اور سرینگر ونگ میں 13 مئی یعنی پیر کے روز تعطیل کا اعلان کیا ہے۔تاہم ہائی کورٹ کی جموں ونگ اس روز حسب معمول کھلی رہے گی۔
عدالت عالیہ کی طرف سے جاری ایک نوٹیفکیشن میں کہا گیا، “تمام متعلقین کو اطلاع دی جاتی ہے کہ 13 مئی 2024 یعنی پیر کو سری نگر لوک سبھا سیٹ کی پولنگ کے پیش نظر کورٹ کی مین ونگ اور سری نگر ونگ میں تعطیل رہے گی بشرطیکہ پولنگ ملتوی نہ ہو”۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ تاہم کورٹ کی جموں ونگ اس روز حسب معمول کھلی رہے گی۔
قابل ذکر ہے کہ کشمیر کی تین لوک سبھا سیٹوں میں سے سری نگر لوک سبھا سیٹ کے لئے 13 مئی کو پولنگ ہوگی۔18 نشستوں پر مشتمل اس سیٹ کی ہموار پولنگ کو یقینی بنانے کے لئے حکام نے 229 پولنگ مراکز قائم کئے ہیں۔
اس سیٹ کے لئے کل 24 امید وار میدان میں ہیں جن میں سے نیشنل کانفرنس کے آغا روح اللہ اور پی ڈی پی کے وحید الرحمان اور جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے اشرف میر کے درمیان کانٹے کی ٹکر متوقع ہے۔