عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں میں پیر کو موسم کا گرم دن ریکارڈ کیا گیا ہے، جس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42.2 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ جموں و کشمیر کے سرمائی دارالحکومت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت موسم کی اوسط سے 3.9 ڈگری زیادہ تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کم از کم درجہ حرارت بھی معمول سے ایک ڈگری بڑھ کر 25.1 ڈگری سیلسیس پر پہنچ گیا۔
جموں گزشتہ ایک ہفتے سے ہیٹ ویو کے حالات سے دوچار رہا ہے، خاص طور پر 16 مئی کو اس سیزن میں پہلی بار شہر کے دن کا درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس کے نشان کو عبور کر گیا تھا۔
درجہ حرارت میں اضافے کے رجحان کی وجہ سے مقامی باشندے سکولوں میں موسم گرما کی ابتدائی تعطیلات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن جموں نے شدید گرمی کے پیش نظر ڈویڑن کے سمر زون میں سکول کے اوقات میں تبدیلی کا حکم دیا ہے۔ نیا وقت – صبح 8 بجے سے دوپہر تک – پیر سے تمام سرکاری اور نجی (تسلیم شدہ) سکولوں میں ہائر سیکنڈری سطح تک کا اطلاق ہوا۔
عہدیدار نے بتایا کہ کٹرہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37.6 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 24 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری طرف کشمیر، اتوار کو دیر گئے سرینگر سمیت وادی کے وسیع حصوں میں بارش کی تازہ لہر کے ساتھ خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہونے کا سلسلہ جاری رہا، جس نے بڑی تعداد میں سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کیا۔
عہدیدار نے بتایا کہ موسم گرما کے دارالحکومت سرینگر میں دن کا درجہ حرارت 28.5 ڈگری سیلسیس اور رات کا درجہ حرارت 12.4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا اور مزید کہا کہ شہر کا زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب معمول سے 3.3 اور 1.0 ڈگری زیادہ تھا۔