عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی// مرکزی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی یاد میں منگل کو پورے ملک میں ایک روزہ سرکاری سوگ منایا جائے گا۔
ریاستی سوگ کے دوران قومی پرچم ان تمام عمارتوں پر نصف مستول پر لہرایا جائے گا جہاں یہ ملک بھر میں باقاعدگی سے لہرایا جاتا ہے، اس دوران کوئی سرکاری تفریح نہیں ہوگی۔
ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق، ایرانی صدر، ملک کے وزیر خارجہ اور کئی دیگر اہلکار پیر کے روز، ملک کے شمال مغرب کے ایک پہاڑی علاقے میں ان کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے کے چند گھنٹے بعد مردہ پائے گئے۔
وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی اور ملک کے وزیر خارجہ حسین امیت عبداللہیان ہیلی کاپٹر کے حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔
ترجمان نے کہا ، “جاں بحق ہونے والے معززین کے احترام کے طور پر، حکومت ہند نے فیصلہ کیا ہے کہ 21 مئی (منگل) کو پورے بھارت میں ایک دن کا سرکاری سوگ منایا جائے گا”۔
عہدیدار نے مزید کہا ، “یوم سوگ پر بھارت بھر میں ان تمام عمارتوں پر قومی پرچم نصف پر لہرایا جائے گا جہاں قومی پرچم باقاعدگی سے لہرایا جاتا ہے اور اس دن کوئی سرکاری تفریح نہیں ہوگی”۔