عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/حج کمیٹی آف انڈیا نے جمعرات کے روز حج 2026 کے عازمین کے لیے پروازوں کی خود بکنگ کی نئی آن لائن سہولت متعارف کرائی ہے، جو حج کے انتظامی عمل میں ڈیجیٹلائزیشن اور مسافروں کو انتخاب کی آزادی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ذرائع مطابق اس سہولت کا اعلان ایک سرکلر کے ذریعے کیا گیا ہے، جس کے تحت عازمین حج اب حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ پر مخصوص پیلگرم لاگ اِن اور ‘حج سہولت’ موبائل ایپ کے ذریعے اپنی پروازیں خود منتخب اور کنفرم کر سکتے ہیں۔ یہ وقت مقررہ سہولت آج سے چار دن کے لیے دستیاب رہے گی۔
عہدیداروں کے مطابق یہ اختیاری اقدام عازمین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے، تاکہ وہ دستیاب نشستوں اور ایئر لائن آپریشنز کے دائرے میں اپنی پسند کے مطابق سفر کی تاریخ اور شیڈول منتخب کر سکیں۔تاہم، حج کمیٹی نے واضح ہدایت جاری کی ہے کہ جو عازمین مقررہ مدت کے اندر اس خود بکنگ سہولت سے فائدہ نہیں اٹھائیں گے، ان کے لیے پروازیں خود بخود حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے الاٹ کر دی جائیں گی، اور اس صورت میں تاریخ یا ایئر لائن کے انتخاب کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ تمام ریاستی حج کمیٹیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس نئی سہولت کی بھرپور تشہیر کریں اور عازمین کو آن لائن عمل مکمل کرنے میں مدد فراہم کریں۔حج سے متعلق فوری اور تازہ معلومات کے لیے عازمین کو حج کمیٹی کے سرکاری واٹس ایپ چینل سے جڑنے کی بھی ترغیب دی گئی ہے۔
حج 2026: عازمینِ حج کے لیے پروازوں کی خود بکنگ سہولت متعارف