عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ بارہمولہ میں حالیہ ژالہ باری سے سیب کے باغات کو پہنچنے والے نقصان کا فوری جائزہ لیا جائے اور متاثرہ کنبوں کو معقول معاوضہ فراہم کیا جائے۔اپنے ایک ایکس پوسٹ میں انہوں نے لکھا، ’’منگل کی شام ہونے والی شدید ژالہ باری نے بارہمولہ کے کئی علاقوں میں سیب کے باغات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے۔ اس کے باعث سینکڑوں کنبے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ ان کنبوں کے لیے یہ باغات صرف آمدنی کا ذریعہ نہیں بلکہ ان کی بقا کا واحد سہارا ہیں۔‘‘
متاثرہ کسانوں کو مناسب معاوضہ فراہم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے سید محمد الطاف بخاری نے کہا، ’’انتظامیہ کو چاہیے کہ بغیر کسی تاخیر کے نقصان کا مکمل جائزہ لے اور تمام متاثرین کو بروقت اور مناسب معاوضے کی فراہمی یقینی بنائے۔‘‘انہوں نے مزید کہا، ’’اس مشکل گھڑی میں، میں ہر اُس کُنبےت کے ساتھ یکجہتی میں کھڑا ہوں، جو نقصان سے دوچار ہوئے ہیں۔‘‘
بارہمولہ میں ژالہ باری سے میوہ باغات کو نقصان | سید محمد الطاف بخاری کی متاثرین کو معقول معاوضہ فراہم کرنے کی مانگ