شمالی کشمیر کے علاقوں میں تیز ہوائوں سے املاک کو نقصان

عظمیٰ ویب ڈیسک

بارہمولہ// شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں جمعے کے روز تیز آندھی چلنے سے کئی رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا جبکہ متعدد درخت جڑ سے اکھڑ گئے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ بعد دوپہر موسم نے کروٹ لی جس کے ساتھ ہی شمالی ضلع بارہمولہ میں تیز ہوائیں چلنے سے خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ تیز ہوائیں چلنے سے بارہمولہ کے متعدد علاقوں میں رہائشی مکانوں کی چھتیں اڑگئیں جبکہ سری نگر بارہ مولہ شاہراہ پر درجنوں بھاری برکم سفیدے کے درخت بھی اکھڑ گئے۔

انہوں نے بتایا کہ بارہمولہ کے پٹن، سنگھ پورہ اور ہانجی ویرہ میں تیز آندھی کی وجہ سے متعدد درخت گر گئے جس وجہ سے بارہمولہ سری نگر شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت بھی متاثر ہوئی تاہم پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں ٹریفک پھر بحال ہوا۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ بارہمولہ میں چند ایک رہائشی مکانوں کی دیواریں بھی گر آئی ہیں۔
تیز ہوائیں چلنے کی وجہ سے کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔