عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/سال 2024 کے دلخراش گنڈبل کشتی حادثے میں لاپتہ ہونے والے شوکت احمد شیخ کی نعش پیر کے روز دریائے جہلم سے برآمد کر لی گئی، جس کے ساتھ ہی کئی ماہ سے جاری تلاش کا سلسلہ ختم ہو گیا۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ حادثے کے بعد سے لاپتہ شوکت احمد کی نعش آج جائے حادثہ کے نزدیک دریا کے ایک حصے میں دکھائی دی، جسے مقامی لوگوں نے نکال کر پولیس کے حوالے کر دیا۔
اس سے قبل مارکوس کے ماہر غوطہ خوروں اور ایس ڈی آر ایف کی کیو آر ٹی ٹیم نے کئی روز تک دریائے جہلم میں جدید آلات کی مدد سے گہرائی تک تلاش کی تھی، تاہم اُس وقت کوئی کامیابی نہیں مل سکی تھی۔
مقامی آبادی نے لاش کی بازیابی کے بعد افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کئی مہینے گزر جانے کے باوجود اہل خانہ امید لگائے بیٹھے تھے کہ لاش ضرور ملے گی۔
واضح رہے کہ گنڈبل کشتی حادثہ سری نگر کے حالیہ برسوں کے بدترین سانحات میں شمار ہوتا ہے، جس میں بچوں سمیت آٹھ افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
گنڈبل کشتی حادثہ: دو سال کے بعد شوکت احمد شیخ کی لاش دریائے جہلم سے برآمد