موسم میں بتدریج بہتری، گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے ریکارڈ

Photo: Amaan Farooq

یو این آئی

سرینگر// وادی کشمیر میں موسم میں بتدریج بہتری واقع ہونے کے ساتھ شبانہ درجہ حرارت میں اضافہ درج ہوا ہے تاہم سیاحتی مقام گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے ریکارڈ ہوا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں 5 مئی تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران بعد دوپہر کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 6 اور 7 مئی کو بھی کہیں کہیں ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔
اس دوران وادی میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ دوران شب بھی ہلکی بارشیں ہوئیں۔
سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران1.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں 5.4 ملی میٹر، کپوارہ میں 1.5 ملی میٹر اور کوکرناگ میں 15.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
وادی کے مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں بالترتیب 16.0 ملی میٹر اور 16.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق گذشتہ دنوں کی موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں وادی کے بعض نشیبی علاقے ہنوز زیر آب ہیں تاہم حکام نے پانی کی نکاسی کے لئے پمپ وغیرہ کو کام پر لگا دیا ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر ہوئے گڑھوں میں پانی ابھی بھی جمع ہے اور کنارے کیچڑ سے بھرے ہوئے ہیں جس سے راہگیروں کو چلنا پھرنا مشکل ہوگیا ہے۔
دریں اثنا موسم میں بتدریج بہتری کے ساتھ ہی شبانہ درجہ حرارت میں بہتری درج ہوئی ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت7.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 2.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت0.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت5.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت3.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں میں کم سے کم درجہ حرارت5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت3.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔