عظمیٰ ویب ڈیسک
سوپور// انسداد بدعنوانی بیورو (اے سی بی) نے سبزی منڈی نوپورہ، سوپور میں دکانوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ کے سلسلے میں سابق ڈپٹی ڈائریکٹر ہارٹیکلچر (پلاننگ اینڈ مارکیٹنگ) محکمہ کشمیر اور سابق ایریا مارکیٹنگ آفیسر سوپور سمیت 50 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
اے سی بی ترجمان نے بتایا کہ ایجنسی کی طرف سے مشترکہ چھاپے کے دوران بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کا پردہ فاش ہوا، جس سے یہ بات سامنے آئی کہ دکانوں کی الاٹمنٹ حقیقی درخواست دہندگان کو نظر انداز کر کے من مانی طور پر کی گئی تھی۔
اُنہوں نے کہا کہ تحقیقات سے پتہ چلا کہ عہدیداروں نے فروٹ منڈی یونین کے ٹاوٹس کے ساتھ ملی بھگت کرتے ہوئے بعض مستفیدین بشمول ایریا مارکیٹنگ آفیسر کے اپنے رشتہ داروں سے رشوت وصول کی۔ جس کے بعد حقیقی درخواست دہندگان نے معاملے کی تحریری شکایت درج کرائی۔
ترجمان نے کہا کہ اے سی بی نے شکایت ملنے پر اس سلسلے میں پولیس سٹیشن اے سی بی بارہمولہ میں قوانین کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک مقدمہ ایف آئی آر زیر نمبر 06/2024 درج کیا اور ملزمین کی رہائش گاہوں کی تلاشی لی ہے، جس دوران مجرمانہ دستاویزات کو ضبط کیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ اسی دوران 50 سے زائد ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔