عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// جموں و کشمیر کی گرمائی راجدھانی سرینگر میں تعینات ایک سینئر لائن مین عالمگیری بازار میں ایچ ٹی لائن کی مرمت کے دوران کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل بن گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ملازم کو بجلی کا کرنٹ لگا، وہ نیچے گرا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ اسی دوران وہاں موجود لوگوں اور اُس کے ساتھیوں نے اسے ایس ایم ایچ ایس منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
متوفی کی شناخت لائن مین محمد یوسف میر ولد غلام محمد سکنہ بدر گنڈ، گاندربل کے طور پر کی گئی ہے۔
پاور ایمپلائز کارڈینیشن کمیٹی نے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والے لائن مین محمد یوسف میر کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور سوگوار خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
اُنہوں نے حکام سے متعلقہ ملازم کے اہلِ خانہ کیلئے ایکس گریشیا جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔