عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے انفورسمنٹ ونگ کے کئی اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔
ملزمان میں اس وقت کے چیف ٹاون پلانر، جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی (جے ڈی اے) کے سابق وائس چیئرمین اور استفادہ کنندہ ہلال احمد راتھربھی شامل ہیں۔
اے سی بی ترجمان نے بتایا کہ مقدمہ، ایف آئی آر نمبر 06/2024، اے سی بی جموں میں جے اینڈ کے پریوینشن آف کرپشن ایکٹ 2006 اور آر پی سی کی دفعہ 120-بی کے تحت درج کیا گیا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ جے ڈی اے نے غیر قانونی طور پر ہلال راتھر کے لیے آئی ٹی پارک کی تعمیر کو تین منزلہ عمارت کے لیے بیک ڈیٹڈ سائٹ پلان پر منظور کیا تھا، حالانکہ اس طرح کے ضابطے کا کوئی انتظام نہیں تھا۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے عمارت کی مزید منزلوں کی تعمیر کی اجازت دی گئی۔
ترجمان نے کہا کہ ملزم اہلکاروں نے مبینہ طور پر اپنے عہدوں کا غلط استعمال کیا اور راتھر کے ساتھ سازش کی، ان غیر قانونی تعمیرات کی اجازت دی اور حکومت کو کافی مالی نقصان پہنچایا۔
معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔