عظمیٰ ویب ڈیسک
شوپیان/ضلع معدنیات دفتر شوپیان نے ضلع میں معدنیات کی نکاسی اور ان کی ترسیل میں مصروف تمام گاڑیوں اور مشینری پر AIS-140 منظور شدہ جی پی ایس ٹریکنگ ڈیوائسز کی تنصیب کو لازمی قرار دینے کے احکامات جاری کیے ہیں۔حکام کے مطابق یہ احکامات ڈائریکٹوریٹ آف جیولوجی اینڈ مائننگ، جموں و کشمیر کی ہدایات اور وزارت ماحولیات، جنگلات و موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے سال 2020 میں جاری کردہ رہنما اصولوں کے تحت صادر کیے گئے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد شفافیت کو یقینی بنانا، مؤثر نگرانی اور ضلع شوپیان میں غیر قانونی کان کنی کی روک تھام ہے۔
حکم نامے کے مطابق تمام معدنی لیز ہولڈرز، کرشر یونٹ آپریٹرز، اینٹ بھٹہ مالکان اور ضلع میں کام کرنے والے گاڑی مالکان کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جی پی ایس ڈیوائسز صرف وزارتِ سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہوں کی جانب سے منظور شدہ وینڈرز سے ہی حاصل کریں۔
ضلع معدنیات دفتر نے مزید ہدایت دی ہے کہ معدنیات کی نقل و حمل صرف ایک درست ای-چالان کے ساتھ ہی ممکن ہوگی، جس پر محکمہ کے سرکاری آن لائن پورٹل کے ذریعے تیار کردہ کیو آر کوڈ موجود ہوگا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے ڈیجیٹل نگرانی کو مضبوط بنانے اور معدنیات کی غیر مجاز نقل و حرکت کو روکنے میں مدد ملے گی۔
جی پی ایس ٹریکنگ ڈیوائسز کی تنصیب کی آخری تاریخ 20 جنوری 2026 مقرر کی گئی ہے۔انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کی صورت میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
شوپیان میں معدنیات کی نکاسی سے وابستہ گاڑیوں پر جی پی ایس ٹریکنگ لازمی قرار