عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ وادی کے معروف سیاحتی مقام گلمرگ کو ایک عالمی معیار کے اسکیئنگ مرکز میں تبدیل کرنے کے لیے جامع منصوبہ بندی پر کام کر رہی ہے۔وزیراعلیٰ کے مشیر ناصراسلم وانی نے پیر کو کھیلو انڈیا ونٹر گیمز کے افتتاحی موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ گلمرگ میں چھٹی بار ان کھیلوں کی میزبانی جموں و کشمیر کی بڑھتی ہوئی کھیلوں کی شناخت کا واضح ثبوت ہے۔افتتاحی تقریب میں کھلاڑیوں، آفیشلز اور تماشائیوں سے خطاب کرتے ہوئے مشیر نے کہا کہ حکومت کا بنیادی مقصد گلمرگ کو اس مقام تک پہنچانا ہے جہاں مستقبل میں بین الاقوامی سطح کی مزید بڑی کھیل سرگرمیوں کا انعقاد ممکن ہو۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ موسم کبھی کبھار مشکلات کھڑی کرتا ہے، لیکن حکومت کے جاری اقدامات اس بات کا عزم ظاہر کرتے ہیں کہ گلمرگ کو ملک کا بہترین اسکیئنگ مقام بنایا جائے۔
مشیر نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں مختلف کھیلوں کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے جامع حکمت عملی پر کام جاری ہے، تاکہ نوجوانوں کو وسیع مواقع فراہم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کھلاڑیوں کی شرکت نہ صرف اس ایونٹ کے وقار میں اضافہ کرتی ہے بلکہ جموں و کشمیر کو عالمی سطح پر سرمائی کھیلوں کی منزل کے طور پر بھی متعارف کراتی ہے۔انہوں نے مقامی نوجوانوں کی صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وادی میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جسے اگر مناسب تربیت، سہولیات اور عالمی معیار کے انفراسٹرکچر تک رسائی دی جائے، تو وہ یقیناً قومی و بین الاقوامی سطح پر تمغے جیت کر خطے کا نام روشن کر سکتے ہیں۔مشیر نے امید ظاہر کی کہ گلمرگ میں کھیلوں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیاں مستقبل میں نہ صرف کھیلوں کے شعبے کو مضبوط کریں گی بلکہ سیاحت، معیشت اور عالمی شناخت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کریں گی۔
حکومت کا گلمرگ کو عالمی اسکیئنگ مرکز بنانے کا ہدف: ناصر اسلم وانی