عظمیٰ ویب ڈیسک
ہندواڑہ/گورنمنٹ میڈیکل کالج ہندواڑہ کے ایسوسی ایٹڈ اسپتال میں تعینات ایک جونیئر ریزیڈنٹ ڈاکٹر کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے، جب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ایک مریض کو اسپتال کے احاطے کے باہر ٹرالی پر لاوارث پڑا دکھایا گیا۔یہ ویڈیو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے پھیل گئی، جس کے بعد عوامی تشویش کے پیش نظر انتظامیہ نے فوری کارروائی کی۔
حکام نے بتایا کہ مذکورہ ڈاکٹر، جو اسپتال میں سیکورٹی انچارج کا اضافی چارج بھی سنبھالے ہوئے تھے، کو فوری طور پر معطل کیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ حکام کے مطابق وائرل ویڈیو نے مریضوں کی دیکھ بھال اور اسپتال کے اندرونی نظم و نسق پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
واقعے کی تحقیقات کے لیے سینئر ڈاکٹروں اور منتظمین پر مشتمل پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جسے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر ایک دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے۔ اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ کمیٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
جی ایم سی ہندواڑہ میں وائرل ویڈیو کے بعد جونیئر ڈاکٹر معطل