عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/وادیٔ کشمیر کے سیاحتی مقامات گلمرگ اور سونہ مرگ سمیت بالائی علاقوں میں تازہ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ میدانی علاقوں میں موسلادھار بارشوں نے نظامِ زندگی کو متاثر کیا ہے۔ شمالی ضلع بارہمولہ میں واقع گلمرگ اور وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں واقع سونہ مرگ میں تازہ برفباری ہوئی، جو آخری اطلاعات موصول ہونے تک وقفے وقفے سے جاری تھی۔حکام کے مطابق گلمرگ میں گزشتہ روز سے اب تک تقریباً پانچ سے چھ انچ نئی برف جمع ہو چکی ہے۔
دیگر بالائی علاقوں میں بھی برفباری ریکارڈ کی گئی، جن میں ضلع شوپیاں کے مغل روڈ پر پیر کی گلی، بانڈی پورہ کے گریز میں رازدان ٹاپ اور کپواڑہ کے سدھنہ ٹاپ شامل ہیں۔ وادی کے بیشتر اونچے علاقوں میں اتوار سے وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔اس کے برعکس وادی کے میدانی علاقوں بشمول سری نگر میں موسلادھار بارش ہوئی، جس کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 20 مارچ تک موسم غیر مستحکم رہنے کا امکان ہے اور جمعہ تک اکثر علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش یا برفباری متوقع ہے۔ چناب ویلی کے بالائی علاقوں اور جنوبی کشمیر کے بعض حصوں میں درمیانی سے شدید برفباری ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے 21 سے 24 مارچ تک عمومی طور پر خشک موسم کی پیش گوئی کی ہے، تاہم 23 مارچ کو چند مقامات پر مختصر بارش یا برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔26 سے 28 مارچ کے دوران بالائی علاقوں میں ہلکی بارش یا برفباری جبکہ 29 سے 31 مارچ کے دوران ایک اور اسپیل متوقع ہے۔مزید برآں بعض علاقوں میں گرج چمک اور 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جبکہ کہیں کہیں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ 21 مارچ کے بعد اپنی زرعی سرگرمیاں دوبارہ شروع کریں۔
وادیٔ کشمیر کے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری، میدانی علاقوں میں موسلادھار بارشیں