عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/سابق کمشنر سری نگر میونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی) محمد اسلم لائیگروجمعہ کے روز علی الصبح نئی دہلی کے ایک اسپتال میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔خاندانی ذرائع نے بتایا کہ محمد اسلم لائیگرو، جو سری نگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی اے) کے وائس چیئرمین، اسٹیٹ فنانشل کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر اور ڈائریکٹر اسٹیٹس کے عہدوں پر بھی خدمات انجام دے چکے تھے، نے قومی دارالحکومت کے دوارکا علاقے میں واقع منی پال اسپتال میں آخری سانس لی۔ایک ممتاز بیوروکریٹ کے طور پر محمد اسلم لائیگرونے جموں و کشمیر میں مختلف اہم انتظامی عہدوں پر نہایت دیانت داری، پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کے ساتھ خدمات انجام دیں اور انتظامی حلقوں میں وسیع پیمانے پر عزت و احترام حاصل کیا۔
وہ ایک ماہر کوہ پیما اور کھلاڑی بھی تھے۔ 1971 میں وہ کشمیرامریکہ کے ایک تاریخی مشترکہ مہم کا حصہ رہے جس نے پہلگام میں واقع کٹسل (تولیان) چوٹی سر کی۔ اپنی غیر معمولی کوہ پیمائی کی صلاحیتوں کے باعث وہ ’’ماؤنٹین گوٹ‘‘ کے لقب سے مشہور تھے۔ وہ ایک نامور اسکیئر بھی تھے اور فرانس میں ایک میڈل جیت کر خطے کے لیے بین الاقوامی اعزاز حاصل کیا۔
مرحوم کی میت آج بعد از دوپہر نئی دہلی سے سری نگر لائی جائے گی۔ نمازِ جنازہ بعد نماز مغرب ان کی رہائش گاہ باغِ حیدر، لین نمبر 1، حیدرپورہ بائی پاس پر ادا کی جائے گی جبکہ تدفین گوری پورہ قبرستان، جامع مسجد کے قریب عمل میں آئے گی۔محمد اسلم لائیگرو کا انتقال جموں و کشمیر کی انتظامی برادری اور کھیلوں سے وابستہ حلقوں کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔