عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/عوامی صحت کے تحفظ اور غذائی ملاوٹ کے خلاف سخت کارروائی کے تحت فوڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ سرینگر نے شہر کے اہم علاقوں میں مشترکہ چھاپے مارے، جن کے دوران ملاوٹی غذائی اشیاء اور مشتبہ ملاوٹ کا سامان ضبط کیا گیا۔ایک پریس بیان میں سرکاری ترجمان نے کہا کہ فوڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ سرینگر نے اسسٹنٹ کمشنر یامین الحق نبی کی قیادت میں پولیس اسٹیشن قمر واری کے تعاون سے قمر واری اور برتھانہ علاقوں میں مشترکہ کارروائیاں انجام دیں۔
بیان کے مطابق، معائنے کے دوران ملاوٹی گھی اور شہد ضبط کیا گیا جو غلط طور پر کشمیری گھی کے نام سے لیبل کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ گھی میں ملاوٹ کے لیے استعمال ہونے والے قابلِ اعتراض مادّے بھی برآمد کیے گئے۔مزید برآں، چینی کے پیکٹس اور شہد بھی ضبط کیا گیا جو مبینہ طور پر ملاوٹ کے مقصد سے استعمال ہونا تھا۔ مجموعی طور پر 36 کلوگرام گھی اور 15 کلوگرام شہد ضبط کیا گیا، جبکہ نمونے لیبارٹری تجزیے کے لیے روانہ کر دیے گئے ہیں۔ برتھانہ میں ایک کمرہ بھی سیل کر دیا گیا جہاں مشتبہ ملاوٹی ذخیرہ پایا گیا۔
فوڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ غذائی اشیاء صرف مستند اور قابلِ اعتماد ذرائع سے خریدیں۔ عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ ملاوٹی مصنوعات کے خلاف ہوشیار رہیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع محکمہ کو دیں۔یہ کارروائی سرینگر کے شہریوں کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش غذا فراہم کرنے کے لیے محکمہ کے عزم کی عکاس ہے۔
فوڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ کی قمر واری، برتھانہ میں کارروائیاں؛ ملاوٹی شہد اور گھی ضبط