عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/کشمیر میں غذائی تحفظ اور لاجسٹکس کے شعبے کو بڑی تقویت دیتے ہوئے فوڈ کارپوریشن آف انڈیا (ایف سی آئی) کی پہلی غذائی اجناس پر مشتمل مال بردار ریل گاڑی اتوار کے روز اننت ناگ گڈز ٹرمینل پہنچنے جا رہی ہے۔اس اقدام کا مقصد وادی کے دور دراز علاقوں تک غذائی اجناس کی بلا رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنانا بتایا گیا ہے۔
حکام نےبتایا کہ یہ مال بردار ٹرین فیروزپور ڈویژن کے اجیتوال ریلوے اسٹیشن سے روانہ کی گئی ہے، جس میں 21 ڈھکے ہوئے بوگیوں میں تقریباً 1,384 ٹن غذائی اجناس لدی ہوئی ہیں۔ اننت ناگ گڈز ٹرمینل، جس کا افتتاح رواں برس 9 اگست کو ناردرن ریلوے کے جموں ڈویژن کے تحت کیا گیا تھا، اس سے قبل سیمنٹ ریکس اور دیگر صنعتی و مخلوط سامان کی ترسیل سنبھال چکا ہے۔غذائی اجناس کی پہلی ریل گاڑی کی آمد کشمیر کو قومی مال برداری کے نیٹ ورک سے جوڑنے کی سمت ایک اور اہم سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے۔جموں ڈویژن کے سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر، اوچت سنگھل نے کہا کہ اس اقدام سے خاص طور پر وادی کے دور افتادہ علاقوں میں غذائی اجناس کی بلا تعطل اور کم خرچ فراہمی ممکن ہو سکے گی۔
انہوں نے کہا، ’’ریلوے کے ذریعے غذائی اجناس کی ترسیل تیز اور سستی ہوگی، جس سے کسانوں اور صارفین دونوں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔‘‘سنگھل کے مطابق اس منصوبے سے مقامی منڈیوں کو تقویت ملے گی، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور زرعی معیشت کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا، ’’یہ ایک تاریخی کامیابی ہے اور کشمیر وادی کی غذائی ضروریات پوری کرنے کی سمت ایک بڑا قدم ہے۔ یہ ریلوے کی جدید کاری اور علاقائی ترقی کے لیے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔‘‘انہوں نے مزید بتایا کہ فوڈ کارپوریشن آف انڈیا (ایف سی آئی) اور ریلوے مستقبل میں اس سروس کو وسعت دینے اور کشمیر کے دیگر علاقوں تک ایسی مزید ریل گاڑیاں چلانے کا منصوبہ رکھتے ہیں، جس سے پورے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں لاجسٹکس اور سپلائی چین میں انقلاب آئے گا۔
ایف سی آئی کی پہلی غذائی اجناس مال بردار ریل گاڑی کل وادی پہنچے گی