عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد غنی لون نے ہفتہ کے روز دعویٰ کیا کہ نیشنل کانفرنس کی قیادت والی حکومت نے انہیں اپنے والد عبدالغنی لون کے جنازے میں شرکت کیلئے سکیورٹی فراہم نہیں کی تھی، جنہیں 2002 میں عسکریت پسندوں نے قتل کر دیا تھا۔قانون ساز اسمبلی کے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے سجاد لون نے کہا کہ انہوں نے اپنے والد کی آخری رسومات میں شرکت کیلئے سکیورٹی کا مطالبہ کیا تھا، تاہم حکومت نے یہ سہولت فراہم کرنے سے انکار کر دیا۔
انہوں نے کہا، مجھے وہ لمحات یاد ہیں جب میرے والد کو قتل کیا گیا۔ اگلے دن ہمیں انہیں اسی مقام پر دفنانا پڑا جہاں ان پر حملہ ہوا تھامبارک گل صاحب کے حلقے میں، جائے وقوعہ سے محض 100 فٹ کے فاصلے پر۔ میں خدا کی قسم کھا کر کہتا ہوں کہ میں کوئی سیاسی پوائنٹ اسکور نہیں کر رہا، مگر اُس وقت کی حکومت نے مجھے وہاں جانے کیلئے سکیورٹی فراہم نہیں کی۔
لون نے مزید بتایا کہ اُس وقت کے ڈویژنل کمشنر کشمیر، پرویز دیوان نے انہیں خبردار کیا تھا کہ اگر وہ عیدگاہ جنازے میں گئے تو انہیں قتل کیا جا سکتا ہے، اور انہیں شرکت نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ان کے مطابق، انہوں نے چند پولیس اہلکاروں کی سکیورٹی مانگی تھی، لیکن حکومت نے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ اہلکاروں کی جان کو بھی خطرہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک بیٹے کی فریاد ہے اور کشمیر میں ہزاروں بیٹے ایسے دکھ سے گزر چکے ہیں۔
لون نے کہا کہ نظریاتی اختلافات کی بنیاد پر کسی کو سکیورٹی سے محروم نہیں کیا جانا چاہیے۔ جب میرے والد شہید ہوئے تو اس وقت فاروق عبداللہ اقتدار میں تھے۔ میرے والد بے بس تھے۔ وہ انتخابات نہیں لڑ رہے تھے بلکہ ایک علیحدگی پسند رہنما تھے۔ سوال یہ ہے کہ کیا نظریاتی اختلاف کی بنیاد پر کسی کو سکیورٹی نہ دے کر اسے مرنے کیلئے چھوڑ دینا چاہیے؟
سجاد لون نے کہا کہ ہر حکومت نے سکیورٹی کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا ہے۔ آج کی حکومت جو کر رہی ہے، وہ پہلے بھی ہوتا رہا ہے۔ ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ اگر کوئی کہتا ہے کہ اس کا غلط استعمال نہیں ہوا، تو وہ جھوٹ بولتا ہے۔
انہوں نے نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے انہیں جموں و کشمیر کی سیاست کی ایک رنگین اور متحرک شخصیت قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ فاروق عبداللہ محض ایک سیاسی رہنما نہیں بلکہ ایک زندہ دل اور خوش مزاج انسان ہیں، جو ہمیشہ ہنستے، خوش مزاج اور مزاحیہ انداز کے حامل رہے ہیں۔
ہر حکومت نے ہمیشہ سیکورٹی کو سیاسی مقاصد کیلئے استعما ل کیا ہے : سجاد لون