عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/کرائم برانچ کشمیر (سی بی کے) کی اقتصادی جرائم ونگ نے محکمہ زراعت میں جعلی تقرری کے احکامات کے استعمال سے متعلق ایک معاملے میں دو افراد کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے۔ونگ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ یہ چارج شیٹ تعزیرات ہند ( آئی پی سی) کی دفعات 420،467،468،471،511 اور 120 – بی کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر43/2020 میں شوکت احمد حجام ساکن واگورہ ضلع بڈگام اور ارشاد احمد آہنگر ساکن رتنی پورہ پلوامہ کے خلاف دائر کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ ڈپٹی ڈائریکٹر، محکمہ زراعت سے موصول ہونے والی ایک شکایت کی بنیاد پر شروع ہوا جب ایک خاتون کی جانب سے ایک مطلوبہ تقرری کی بنیاد پر محکمہ زراعت میں جوائن کرنے کی کوشش کی گئی۔
ان کا کہنا ہے کہ مذکورہ خاتون 30 نومبر 2019 کو ڈائریکٹوریٹ پر حاضر ہوئی اور وہ 22 نومبر 2019 کو ہونے والی ایک سرکاری مواصلت کی فوٹو کاپی ساتھ لے کر آئی تھی۔بیان میں کہا گیا کہ تصدیق پر، مواصلت کو جعلی پایا گیا جو ڈائریکٹوریٹ کے ذریعہ جاری نہیں کی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ مزید جانچ پڑتال سے انکشاف ہوا کہ دستاویز میں جن تقرری احکامات کا حوالہ دیا گیا تھا وہ بھی جعلی تھے۔موصوف ترجمان نے بتایا کہ تفتیش کے دوران، یہ ثابت ہوا کہ ملزم ارشاد احمد ہنگر نے شریک ملزم شوکت احمد حجام سے جعلی مواصلت حاصل کی تھی۔ جعلی آرڈر میں تین افراد کو دکھایا گیا جو محکمہ زراعت، کشمیر ڈویژن میں بطور آرڈرلیز تقرری کے لیے منتخب کیے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ جعلی آرڈر کی بنیاد پر، ضلع پلوامہ کے پٹھان علاقے سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کو یہ یقین کرنے پر آمادہ کیا گیا تھا کہ اس کی تقرری قانونی طور پر کی گئی تھی اور اس کے مطابق خاتون نے سری نگر میں محکمے میں جوائن کرنے کی کوشش کی۔ان کا کہنا ہے کہ تفتیش میں مزید انکشاف ہوا ہے کہ ملزموں نے سرکاری ملازمت کے متلاشیوں کو دھوکہ دینے کی نیت سے جعلی تقرری کے احکامات تیار کرنے اور استعمال کرنے کے لیے مجرمانہ سازش کی۔ترجمان نے بتایا کہ اگرچہ کوئی مالی لین دین یا غلط فائدہ یا نقصان قائم نہیں کیا جا سکا ہے تاہم یہ حرکت دھوکہ دینے کی ایک کوشش کے مترادف ہے جو آئی پی سی کے سیکشن 511 کے تحت آتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد، چارج شیٹ عدالتی تعین کے لیے مجاز عدالت کے سامنے دائر کر دی گئی ہے۔
تقرری احکامات فراڈ میں 2 ملزموں کے خلاف چارج شیٹ دائر: سی بی کے