عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/کرائم برانچ کشمیر کی اکنامک آفینسز ونگ (ای او ڈبلیو) نے سرکاری نوکری دلانے کے نام پر لوگوں سے رقم بٹورنے کے الزام میں کرگل کے ایک رہائشی کے خلاف چارج شیٹ داخل کر دی ہے۔
ملزم نے مبینہ طور پر خود کو ایک اعلیٰ سرکاری افسر ظاہر کیا اور نوکری دلانے کے جھوٹے وعدوں کے عوض متاثرین سے لاکھوں روپے وصول کیے۔
جاری ایک بیان کے مطابق، کرائم برانچ کشمیر کی اکنامک آفینسز ونگ نے ایف آئی آر نمبر 13/2023 زیر دفعہ 420 آئی پی سی کے تحت ملزم غلام نبی ولد محمد ہڈا ساکن ستکچائے، کرگل، حال مقیم گسیار ہوال، زڈی بل، سرینگر کے خلاف چیف جوڈیشل مجسٹریٹ بڈگام کی عدالت میں چارج شیٹ داخل کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کیس ایک تحریری شکایت کی بنیاد پر درج کیا گیا، جس میں شکایت کنندہ نے الزام لگایا کہ سال 2021 کے دوران اس کی ملاقات ملزم سے ہوئی، جس نے خود کو ایک اعلیٰ عہدے کا سرکاری افسر ظاہر کیا۔ ملزم نے شکایت کنندہ اور دیگر افراد کو رقم کے عوض سرکاری نوکری دلانے کی یقین دہانی کرائی۔
بیان کے مطابق، ان جھوٹے وعدوں پر یقین کرتے ہوئے شکایت کنندہ نے نو مختلف اقساط میں ملزم کے بینک اکاؤنٹ (اکاؤنٹ نمبر 0100010100007704) میں لاکھوں روپے جمع کرائے۔ تاہم، بار بار یقین دہانیوں کے باوجود ملزم نہ تو سرکاری نوکری دلانے میں کامیاب ہوا اور نہ ہی وصول کی گئی رقم واپس کی، جس کے نتیجے میں شکایت کنندہ کے ساتھ دھوکہ دہی ہوئی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ شکایت موصول ہونے کے بعد کرائم برانچ کشمیر (اب ای او ڈبلیو کشمیر) نے معاملے کی تفصیلی تحقیقات شروع کیں۔ دورانِ تفتیش شکایت کنندہ کے الزامات بادی النظر میں درست پائے گئے۔ تحقیقات سے یہ ثابت ہوا کہ ملزم نے دانستہ طور پر دھوکہ دہی کی نیت سے شکایت کنندہ کو گمراہ کیا، جس سے اسے مالی نقصان پہنچا۔
بیان کے مطابق، ملزم کے افعال دفعہ 420 آئی پی سی کے تحت جرم کے زمرے میں آتے ہیں، لہٰذا تحقیقات مکمل ہونے کے بعد چارج شیٹ معزز عدالت میں عدالتی کارروائی کے لیے پیش کر دی گئی ہے۔
نوکری فراڈمعاملہ: ای او ڈبلیو نے سرکاری افسر بن کر رقم بٹورنے والے کرگل کے رہائشی کے خلاف چارج شیٹ داخل کر دی