عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/کرائم برانچ جموں و کشمیر کے اکنامک آفینسز ونگ (EOW) نے منگل کے روز بتایا کہ اس نے سرینگر کے ایک رہائشی کے خلاف 55.11 لاکھ روپے کی پراپرٹی دھوکہ دہی کے معاملے میں چارج شیٹ داخل کر دی ہے۔حکام کے مطابق ملزم پر الزام ہے کہ اس نے ایک ہی رہن شدہ مکان کو متعدد افراد کو فروخت کیا اور رقم وصول کرنے کے بعد وعدے پورے نہیں کیے، جس پر دفعہ 420 آئی پی سی کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی۔
جاری ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ اکنامک آفینسز ونگ سرینگر نے کیس ایف آئی آر نمبر 10/2026 کے تحت دفعہ 420 آئی پی سی میں مہر اج الدین ڈار ولد عبدالاحاد ڈار، ساکن عالمدار کالونی راولپورہ حال مقام ٹینگ پورہ بٹہ مالو، سرینگر کے خلاف معزز عدالتِ سٹی جج سرینگر میں چارج شیٹ پیش کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ کیس ایک تحریری شکایت کی بنیاد پر درج کیا گیا، جس میں الزام لگایا گیا کہ ملزم ایک عادی دھوکہ باز ہے جو ایک منظم طریقہ کار کے تحت معصوم افراد کو نشانہ بناتا رہا۔بیان کے مطابق ملزم نے رقم وصول کرنے کے بعد جان بوجھ کر وعدے پورے نہیں کیے اور قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے جائیدادوں کو اپنی اہلیہ کے نام منتقل یا رجسٹر کیا۔
ترجمان نے کہا کہ شکایت موصول ہونے کے بعد اکنامک آفینسز ونگ نے تفصیلی تحقیقات شروع کیں، جس کے دوران بادی النظر میں یہ ثابت ہوا کہ ملزم نے ایک رہائشی مکان فروخت کرنے کے بہانے شکایت کنندہ سے 55.11 لاکھ روپے وصول کر کے دھوکہ دیا، جبکہ اسی جائیداد کو بعد میں کسی اور کو بھی فروخت کر دیا گیا۔مزید تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ مذکورہ جائیداد پہلے ہی جموں و کشمیر بینک کی بھگت برانچ سرینگر کے پاس رہن رکھی گئی تھی۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ شکایت کنندہ نے اس جائیداد سے متعلق بقایا ہاؤسنگ لون بھی ادا کیا تھا۔ترجمان نے مزید کہا کہ تحقیقات سے یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ ملزم کی کارروائیاں دفعہ 420 آئی پی سی کے تحت قابلِ سزا جرم ہیں، جس کے بعد معاملہ عدالت میں فیصلہ کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔
سرینگر پراپرٹی فراڈ: 55 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی میں ای او ڈبلیو کی چارج شیٹ داخل