عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/سری نگر کے مختلف علاقوں سے تقریباً 20 دن قبل جمع کیے گئے انڈوں کے نمونے انسانی استعمال کے لیے محفوظ پائے گئے ہیں اور یہ فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھارٹی آف انڈیا (FSSAI) کے مقررہ معیار پر پورا اترتے ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر فوڈ سیفٹی، سری نگر، یامین الحق نبی نے بتایا کہ شہر کے مختلف سپر مارکیٹس اور ہول سیلرز سے آٹھ نمونے جمع کیے گئے تھے۔ انہوں نے کہانتائج کل دیر شام موصول ہوئے اور تمام نمونے معیاری قرار دیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ نمونے، جن میں کھلے اور پیک شدہ دونوں شامل تھے، سابقہ نگرانی مہمات کے دوران جمع کیے گئے تھے تاکہ مقامی بازاروں میں فروخت ہونے والی غذائی اشیاء کے معیار اور تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہاٹیسٹ سے ثابت ہوتا ہے کہ سری نگر میں دستیاب انڈے FSSAI کے معیار پر پورا اترتے ہیں اور انسانی استعمال کے لیے موزوں ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ یہ نمونے شہر کے مختلف حصوں سے ایک وسیع کریک ڈاؤن کے تحت جمع کیے گئے تھے اور 22 دن سے زائد عرصے بعد نتائج موصول ہوئے۔
یامین الحق نبی نے عوام سے اپیل کی کہ غیر مصدقہ ویڈیوز شیئر نہ کریں جو غیر ضروری خوف و ہراس پیدا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے میڈیا کے بعض حلقوں پر بھی زور دیا کہ وہ افواہوں کو بڑھاوا دینے کے بجائے مصدقہ معلومات کو ترجیح دیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی صحت کے تحفظ اور مقامی فوڈ سپلائی چین پر اعتماد برقرار رکھنے کے لیے ایسی معیاری نگرانی مہمات آئندہ بھی جاری رہیں گی۔
سری نگر میں انڈوں کے نمونے محفوظ، فوڈ سیفٹی معیار پر پورا اترتے ہیں: حکام