عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر حکومت نے وادی کشمیر کے آٹھ اضلاع میں بدھ کے روز سے تعلیمی ادارے دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ سرینگر اور بڈگام اضلاع کے بارے میں حتمی فیصلہ آج شام کیا جائے گا۔یہ فیصلہ حکومت کی جانب سے دو روز قبل احتیاطی تدابیر کے تحت تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کے حکم کے بعد سامنے آیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیر تعلیم سکینہ یتو نے بتایا کہ کشمیر کے آٹھ اضلاع میں اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں بدھ سے دوبارہ کھل جائیں گی۔
انہوں نے کہافی الحال ہم نے آٹھ اضلاع میں تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم سرینگر اور بڈگام اضلاع سے متعلق فیصلہ منگل کی شام تک لیا جائے گا۔اتوار کو حکومت نے طلبہ کی سلامتی کو یقینی بنانے کے پیش نظر پورے کشمیر خطے میں اسکولوں اور کالجوں کو بند کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ایران کے سپریم لیڈرآیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے تھے، جس کے پیش نظر یہ احتیاطی اقدام اٹھایا گیا تھا۔دریں اثنا، آٹھویں جماعت تک کے اسکول کل سے دو ماہ سے زائد جاری رہنے والی سرمائی تعطیلات کے بعد دوبارہ کھل جائیں گے۔
آٹھ اضلاع میں تعلیمی ادارے کل سے دوبارہ کھلیں گے، سرینگر اور بڈگام سے متعلق فیصلہ آج شام: سکینہ ایتو