اننت ناگ-راجوری سبھا حلقہ پر انتخابات ملتوی، اب 25 مئی کو ہو گی ووٹنگ

سرینگر// الیکشن کمیشن آف انڈیا نے اننت ناگ راجوری لوک سبھا حلقہ پر انتخابات ملتوی کر دئے ہیں۔
الیکشن کمیشن آف انڈیا کی طرف سے جاری کردہ ایک پریس بیان کے مطابق، اس حلقہ پر ووٹنگ 7 مئی کے بجائے 25 کو ہو گی۔
بیان کے مطابق، الیکشن کمیشن نے 16 مارچ 2024 کو اس حلقہ پر عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا تھا، اس حلقہ پر قبل ازیں 7 مئی کو ووٹنگ ہونے والی تھی۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ جموں و کشمیر کی مختلف سیاسی جماعتوں کی طرف سے 3-اننت ناگ-راجوری پارلیمانی حلقہ پر ووٹنگ کی تاریخیں تبدیل کرنے کے لیے مختلف نمائندگیاں موصول ہوئی ہیں۔ مختلف لاجسٹک، مواصلات اور رابطوں کی قدرتی رکاوٹ انتخابی مہم میں رکاوٹ بنتی ہے جو کہ مذکورہ پارلیمانی حلقے میں مقابلہ کرنے والے امیدواروں کے لیے منصفانہ مواقع کی کمی کے مترادف ہے جس سے انتخابی عمل متاثر ہو سکتا ہے۔
کمیشن کے بیان کے مطابق، کمیشن نے یو ٹی انتظامیہ کی رپورٹ پر غور کرنے کے ساتھ ساتھ مذکورہ حلقے میں موجودہ زمینی صورتحال کا تجزیہ کرنے کے بعد، عوامی نمائندگی ایکٹ 1951 کے سیکشن 56 کے تحت مذکورہ پارلیمانی حلقے میں انتخابات کی تاریخ پر نظر ثانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس حلقہ پر اب پولنگ 25 مئی 2024 کو ہوگی، ووٹنگ کی گنتی 4 جون 2024 کو ہو گی۔