عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر حکومت نے ہفتہ کے روز اعلان کیا ہے کہ جاری بجٹ اجلاس کے دوران منشیات سے نجات (ڈرگ ڈی ایڈکشن) سے متعلق ایک اہم بل پیش کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
یہ بات وزیر صحت و طبی تعلیم سکینہ ایتو نے اراکین اسمبلی کے سوالات کے جواب میں کہی۔وزیر نے بتایا کہ بل تیار ہے اور اسے موجودہ اجلاس میں پیش کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ اگرچہ پولیس منشیات کے پھیلاؤ کو روکنے میں کردار ادا کرتی ہے، لیکن منشیات کے عادی افراد کے علاج کی ذمہ داری محکمہ صحت پر عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ داخلہ کو منشیات کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مزید مؤثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق بعض علاقوں میں منشیات کے استعمال میں اضافہ دیکھا گیا ہے جبکہ کچھ علاقوں میں کمی آئی ہے۔
وزیر موصوفہ نے یہ بھی واضح کیا کہ حکومت نجی منشیات سے نجات مراکز کو مریضوں سے من مانی فیس وصول کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔
انہوں نے اراکین اسمبلی سے کہا کہ اگر اس طرح کی کوئی شکایت ہو تو اسے حکومت کے نوٹس میں لایا جائے۔
جموں و کشمیر اسمبلی میں پیش ہوگا منشیات سے نجات کا بل