محمد تسکین
بانہال/جموں و کشمیر پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (جے کے ایس پی ڈی سی) نے ضلع رامبن میں مجوزہ بغلیہار ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ سٹیج-III کیلئے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (DPR) تیار کرنے کے سلسلے میں ٹینڈر جاری کر دیا ہے۔
جموں و کشمیر ای-پروکیورمنٹ پورٹل پر دستیاب ٹینڈر نوٹس کے مطابق یہ ٹینڈر کنسلٹنسی خدمات کیلئے جاری کیا گیا ہے، جس کے تحت بغلیہار اسٹیج-III منصوبے کی مکمل ڈی پی آر، تکنیکی مطالعہ اور متعلقہ دستاویزات تیار کئے جائیں گے۔ دستاویزات کے مطابق یہ اوپن ٹینڈر ہے جبکہ منصوبہ کنسلٹنسی زمرے میں شامل کیا گیا ہے۔
ٹینڈر تفصیلات کے مطابق ٹینڈروں کی آن لائن جمع آوری 23 مئی 2026 سے شروع ہوگی جبکہ آخری تاریخ 27 جون 2026 مقرر کی گئی ہے۔ تکنیکی بولیاں ( ٹینڈر) 29 جون 2026 کو سرینگر میں کھولی جائیں گی۔ اس کے علاوہ 4 جون 2026 کو پری-بڈ میٹنگ بھی منعقد ہوگی۔
ٹینڈر دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ حصہ لینے والی کمپنیوں کیلئے 10 لاکھ روپے بطور ای ایم ڈی (Earnest Money Deposit) اور 10 ہزار روپے ٹینڈر فیس مقرر کی گئی ہے۔
بغلیہار ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ دریائے چناب پر چندرکوٹ کے نزدیک واقع جموں و کشمیر کے اہم ترین پن بجلی منصوبوں میں شمار ہوتا ہے۔ موجودہ بغلیہار منصوبہ تقریباً 900 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور یہ خطے میں بجلی کی پیداوار کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔
جموں وکشمیر سٹیٹ پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن حکام کے مطابق مجوزہ بغلیہار سٹیج تین منصوبہ دریائے چناب میں پن بجلی پیداوار کی صلاحیت میں مزید اضافہ کرے گا اور جموں و کشمیر میں بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
بغلیہار ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ سٹیج-III کیلئے ڈی پی آر ٹینڈر جاری