عظمیٰ ویب ڈیسک
سوپور/وزیر جاوید احمد ڈار نے ہفتہ کے روز کہا کہ جموں و کشمیر میں آئندہ دو ماہ کے اندر فصل بیمہ اسکیم نافذ کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ حالیہ ژالہ باری سے متاثرہ کسانوں اور باغ مالکان کو نقصانات کے سروے کے بعد راحت فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں بار بار ژالہ باری سے فصلوں اور باغات کو شدید نقصان پہنچنے کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ مختلف محکموں کے افسران پہلے ہی متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ کسانوں کو ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا سکے۔انہوں نے کہا، ’’محکمہ کل سے ہی کوشش کر رہا ہے کہ ہر متاثرہ علاقے تک پہنچ کر نقصان کا جائزہ لیا جائے۔ حتمی سروے مکمل ہونے کے بعد متاثرہ کسانوں کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔‘‘
جاوید ڈار نے بتایا کہ حکومت جموں و کشمیر میں فصل بیمہ اسکیم کے نفاذ کے عمل کو تیز کر رہی ہے۔ ان کے مطابق اس اسکیم کے لیے یکم جون سے ٹینڈرنگ عمل شروع ہوگا اور ڈیڑھ سے دو ماہ کے اندر پورا عمل مکمل ہونے کی امید ہے۔وزیر نے کہا کہ حکومت پہلے ہی اس اسکیم کے لیے بجٹ میں رقم مختص کر چکی ہے، جس کے تحت بیمہ پریمیم کی رقم حکومت ہند، جموں و کشمیر انتظامیہ اور کسان مشترکہ طور پر ادا کریں گے۔
باغبانی شعبے کے حوالے سے جاوید ڈار نے کہا کہ حکومت سی گریڈ سیبوں کے لیے مارکیٹ انٹروینشن اسکیم پر مرکز کے ساتھ رابطے میں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دو ماہ قبل نیتی آیوگ کی ایک ٹیم نے جموں و کشمیر کا دورہ کیا تھا، جس دوران سی گریڈ سیبوں کی قیمتیں مقرر کرنے پر بات چیت ہوئی تاکہ باغ مالکان کو سہارا دیا جا سکے۔
سیبوں کو بیمہ اسکیم میں شامل کرنے میں تاخیر کے بارے میں وزیر نے کہا کہ باغبانی شعبہ ایک علیحدہ موسمیاتی بنیادوں پر قائم فصل بیمہ اسکیم کے تحت آتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب کشمیر میں سیب اور زعفران کو بھی مجوزہ بیمہ فریم ورک میں شامل کیا گیا ہے۔جاوید ڈار نے کہا کہ حکومت گزشتہ کئی برسوں سے اس اسکیم کو نافذ کرنے کی کوشش کر رہی تھی، لیکن بیمہ کمپنیوں کی جانب سے ٹینڈروں میں کم دلچسپی کے باعث عمل میں تاخیر ہوئی۔
انہوں نے کہا، ’’گزشتہ سال بھی عمل تقریباً مکمل ہو چکا تھا، لیکن بعد میں حکومت ہند نے بیمہ پالیسی کے فریم ورک میں تبدیلی کر دی، جس کے باعث ہمیں نئے سرے سے ٹینڈر جاری کرنے پڑے۔‘‘وزیر نے امید ظاہر کی کہ تازہ ٹینڈرنگ عمل کامیابی سے مکمل ہوگا اور جلد ہی یہ اسکیم نافذ کی جائے گی تاکہ کسانوں اور باغ مالکان کو موسمی نقصانات سے تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
جموں و کشمیر میں دو ماہ کے اندر فصل بیمہ اسکیم متوقع،ژالہ باری سے متاثرہ کسانوں کو سروے کے بعد معاوضہ فراہم کیا جائے گا:وزیر جاوید ڈار