عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں کے مضافاتی علاقے میں اتوار کی شام پولیس کے ساتھ ہونے والے ایک مقابلے میں ایک 30سالہ مبینہ مجرم ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کے ساتھی کی تلاش جاری ہے۔پولیس کے ایک عہدیدار کے مطابق یہ واقعہ میراں صاحب علاقے میں پیش آیا، جہاں پولیس نے دو بدنام زمانہ مجرموں کی ممکنہ نقل و حرکت کی اطلاع ملنے پر ناکہ بندی کی تھی۔ دونوں افراد درجن سے زائد مقدمات میں مطلوب تھے، جن میں اقدام قتل اور اسلحہ اسمگلنگ جیسے سنگین جرائم شامل ہیں۔
عہدیدار نے بتایا کہ جب پولیس نے انہیں رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے فائرنگ کرتے ہوئے پولیس گھیرے کو توڑنے کی کوشش کی، جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اپنے دفاع اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا۔انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ملزمان موٹر سائیکل حادثے کے بعد اسے چھوڑ کر اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کرنے لگے۔ تاہم پولیس نے ان کا تعاقب جاری رکھا اور بعد میں ایک ملزم نہر میں زخمی حالت میں پایا گیا۔
ؤزخمی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔پولیس عہدیدارنے بتایا کہ دوسرے فرار ہونے والے ملزم کی تلاش جاری ہے اور آخری اطلاعات تک آپریشن بدستور جاری تھا۔