عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/ کانگریس نے کہا ہے کہ باہمی تقسیم کی وجہ سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) دہلی اسمبلی انتخابات کے نتائج کے ایک ہفتہ بعد بھی ریاست کے وزیر اعلیٰ کا انتخاب نہیں کر پا رہی ہے۔دہلی کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے آج کہادہلی اسمبلی انتخابات کے نتائج کے ایک ہفتہ بعد بھی دہلی کے وزیر اعلی کا انتخاب کرنے میں بی جے پی کی ناکامی ان کے باہمی اختلاف کو ظاہر کرتی ہے۔بی جے پی کا ہر تیسرا ممبر اسمبلی جس طرح سے 8 فروری کے بعد وزیر اعلیٰ کے عہدے کا دعویٰ کر رہا ہے، اس میں کہیں نہ کہیں 1993 کی بی جے پی دہلی حکومت کی تاریخ نظر آتی ہے، جب ایک ہی دور میں 03 وزرائے اعلیٰ کو تبدیل کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا بی جے پی ایک بے سمت پارٹی ہے جس کے لیڈر کبھی متفق نہیں ہوئے، جب کہ ہم نے دہلی میں 15 سال تک محترمہ شیلا دیکشت کی قیادت میں حکومت چلائی۔انہوں نے کہا دہلی میں مکمل اکثریت کے بعد کیا بی جے پی موجودہ چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے، کیونکہ اب تک بی جے پی کی مرکزی حکومت کالا دھن واپس لانے، 15 لاکھ اکاؤنٹس میں ڈالنے، ہر سال 02 کروڑ نوکریاں فراہم کرنے اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں پوری طرح ناکام رہی ہے۔ کیا مرکزی حکومت کی طرح دہلی کی بی جے پی حکومت بھی معصوم لوگوں کو دھوکہ دے گی، کیونکہ بی جے پی اور عام آدمی پارٹی ہمیشہ ایک ہی سکے کے دو رخ ثابت ہوئے ہیں اور یہ دونوں پارٹیاں عوام دشمن سرگرمیوں اور پالیسیوں میں ایک دوسرے کا ساتھ دیتی رہی ہیں۔
کانگریس کے لیڈر نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن میں اقتدار میں رہنے کے باوجود گزشتہ 11 سالوں سے بدعنوانی میں ڈوبی ہوئی عام آدمی پارٹی (آپ) اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین کی تقرری میں ناکام ہو رہی ہے، یہ انتظامیہ کی ناکامی نہیں ہے، بلکہ آپ کی ناکامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے عوام نے دہلی اسمبلی انتخابات میں ووٹ ڈال کر دکھایا ہے کہ دہلی میں ان کا وجود ختم ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے بدعنوان سربراہ اروند کیجریوال اپنے وجود کو بچانے کے لیے پنجاب کے اراکین اسمبلی کی میٹنگ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریشن میں اقتدار سنبھالنے سے آپ دہلی کے صفائی کے نظام کو برقرار رکھنے کے اپنے بنیادی کام میں ناکام رہی ہے۔ بی جے پی کے کارپوریشن راج کے 15 سال اور آپ کے 02 سال سے زیادہ عرصے میں کچھ نہیں بدلا ہے۔ گزشتہ 17 سالوں میں کارپوریشن میں بدعنوانی عروج پر پہنچ چکی ہے اور نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔
یادو نے کہا “وزیر اعلیٰ کے امیدوار کے انتخاب اور حکومت کی تشکیل کے بعد کیا بی جے پی عوام کی پریشانیوں کو ختم کرنے میں کامیاب ہو جائے گی؟ کیا بی جے پی کی ہدایت پر اگلے 100 دنوں میں کام کرنے کی پالیسی تیار کرنے والے افسران دہلی کے بنیادی مسائل جیسے آلودہ ہوا اور پانی کی آلودگی، پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم میں بہتری، سڑکوں کی خراب حالت، پینے کے پانی، سیوریج سسٹم، جمنا کی صفائی اور کچرے کے پہاڑوں سے نجات دلانے میں کامیاب ہوں گے؟ انہوں نے بی جے پی سے سوال کیا کہ کیا وہ اسمبلی کے فلور پر کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل (سی اے جی) کی 11 رپورٹوں کو پبلک کرے گی؟