عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/قومی دارالحکومت اور آس پاس کے علاقوں میں بدھ کی صبح شدید سردی کی لہر اور اچانک گھنے کہرے نے عام زندگی کو بری طرح متاثر کیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق، دہلی میں کم از کم درجہ حرارت 3.8 ڈگری کے ساتھ شدید سردی کی لہر برقرار ہے۔صبح کے وقت دہلی – دہلی نیشنل کیپیٹل ریجن (این سی آر) میں کھنا کہرا رہا، جو اب آہستہ آہستہ صاف ہونے لگا ہے۔ کہرے کے باعث حد نگاہ کم ہوگئی۔ دہلی ایئرپورٹ نے کم مرئیت کے حوالے سے ایک ایڈوائزری جاری کی اور مسافروں کو مشورہ دیا کہ وہ پرواز کی معلومات کے لیے اپنی ایئر لائنز سے رابطہ کریں، حالانکہ فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق رہا۔
محکمہ موسمیات نے اطلاع دی ہے کہ این سی آر میں سردی کی لہر مسلسل تیسرے دن بھی جاری رہی، صبح کے وقت گھنی دھند چھائی رہی۔ محکمہ نے پیش گوئی کی ہے کہ سردی کی یہ لہر برقرار رہے گی اور دہلی اور آس پاس کے علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت معمول سے بہت کم رہنے کی امید ہے۔ رات اور صبح کے وقت دھند جب کہ دن کے وقت آسمان زیادہ تر صاف رہنے کی توقع ہے۔دریں اثنا، اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 360 کے ارد گرد رہنے کے ساتھ ہوا کا معیار “انتہائی خراب” کے زمرے میں رہا۔ کچھ مقامات پر، اے کیو آئی کی سطح 400 کے قریب پہنچ گئی۔
قابل غور ہے کہ 301 اور 400 کے درمیان اے کیو آئی کو “بہت خراب” اور 401 سے 500 کے درمیان “شدید” سمجھا جاتا ہے۔مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے اعداد و شمار کے مطابق، آنند وہار میں صبح 7 بجے اے کیو آئی 366، جبکہ بوانا میں 361 ریکارڈ کیا گیا۔ صورتحال خاص طور پر جہانگیر پوری میں تشویشناک تھی، جہاں اے کیو آئی 420 تک پہنچ گیا۔ آر کے پورم میں 407، دوارکا سیکٹر-8 میں403، پنجابی باغ میں 366، وزیرپور میں 386 اور چاندنی چوک میں اے کیو آئی 397 درج کیا گیا۔
دہلی این سی آرمیں، سردی، کہرے کے ساتھ ہوا کے خراب معیارسے عام زندگی متاثر