عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر پولیس کے کاؤنٹر انٹیلیجنس کشمیر (CIK) ونگ نے ہفتہ کے روز ملی ٹینسی سے منسلک ایک کیس کے سلسلے میں سرینگر سینٹرل جیل میں تلاشی کارروائی انجام دی، جس دوران ڈیجیٹل مواصلاتی آلات اور دیگر قابلِ اعتراض مواد ضبط کیا گیا۔
حکام کے مطابق یہ تلاشی ایک خصوصی عدالت کی جانب سے جاری وارنٹ کی بنیاد پر 25 اپریل کو انجام دی گئی۔ یہ کیس ایف آئی آر نمبر 06/2023 کے تحت پولیس اسٹیشن سی آئی کشمیر میں درج ہے۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ یہ کیس تعزیراتِ ہند کی دفعات 153-A، 505، 121 اور 120-B کے علاوہ غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (UAPA) کی دفعات 13 اور 39 کے تحت درج کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیل کے اندر مشتبہ ڈیجیٹل سرگرمیوں کی اطلاع پر مختلف بیرکس اور بلاکس میں جیل انتظامیہ کے تعاون سے تلاشی لی گئی۔
کارروائی کے دوران ڈیجیٹل آلات اور دیگر اہم مواد برآمد کرکے ضبط کر لیا گیا، جنہیں فارنزک جانچ کے لیے بھیجا جائے گا تاکہ ممکنہ روابط اور کسی بڑے نیٹ ورک کا پتہ لگایا جا سکے۔
حکام نے مزید بتایا کہ اس بات کی بھی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں کہ یہ آلات جیل کے اندر کیسے پہنچے اور اس میں کس کس کا کردار شامل ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی حساس مقامات، خصوصاً جیلوں میں مواصلاتی آلات کے غلط استعمال کو روکنے اور ملی ٹینسی سے متعلق سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہے۔
سرینگر سینٹرل جیل میں سی آئی کے کی تلاشی،ڈیجیٹل آلات برآمد